این آئی سی وی ڈی سکھر میں پہلی کامیاب پیڈیاٹرک اوپن ہارٹ سرجری

117

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب سکھر میں پہلی بار پیڈیاٹرک کارڈیوتھوراسک سرجری ٹیم نے 5 سال کے بچے کی اوپن ہارٹ سرجری کامیابی سے سرانجام دی۔ این آئی سی وی ڈی نے جمعرات 19 مارچ 2020ء کو سکھر میں پہلی بار پیڈیاٹرک اوپن ہارٹ سرجری سرانجام دے کر کارڈیک کیئر میں ایک مزید کامیابی اپنے نام کی ہے۔ یہ سرجری این آئی سی وی ڈی کے ہیڈ آف پیڈز کارڈیک سرجری، پروفیسر سہیل بنگش نے پیڈز کارڈیک سرجن ڈاکٹر محمد اقبال اور اینستھیزیا لوجی کے پروفیسر محمد امین خواجہ کے ساتھ سرانجام دی۔ سرجنز کی ٹیم کا کہنا تھا کہ سکھر سے تعلق رکھنے والے بچے میں دل کے
سوراخ والی بیماری کی تشخیص ہوئی تھی، آپریشن کے بعد بچے کو آئی سی یو میں منتقل کیا گیا ہے اور وہ تیزی سے صحتیاب ہورہا ہے، جس کے بعد اس کو وارڈ میں منتقل کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جب مریض کے والدین کو آگاہ کیا گیا کہ ان کے بچے کا آپریشن سکھر میں ہی کیا جائیگا تو ان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھاکہ بچے کا آپریشن کامیابی سے سرانجام دیا گیا، بچہ ایک عام صحتمند زندگی گزار سکے گا اور اپنی عمر کے کسی دوسرے بچوں سے مختلف نہیں ہوگا۔ این آئی سی وی ڈی سرجنز کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے، این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمرنے بتا یاکہ سکھر میں پہلی بار پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری سرانجام دینا ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ اس طرح کی کارڈیک سرجریز پہلے صرف ملک کے بڑے شہروں یا پھر بیرون ملک میں سرانجام دی جا تی تھیں۔ اس کارڈیک سرجری کی سہولیات کے آغاز کے ساتھ ہم پیڈز کے مریضوں کو کارڈیالوجی کی جامع نگہداشت فراہم کر سکیں گے۔ این آئی سی وی ڈی کا مقصدصوبہ سندھ میں دل کی صحت کی دیکھ بھال کے فرق کو ختم کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہم ضروت مند مریضوں کو انہی کی دہلیز پر خصوصی نگہداشت فراہم کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ این آئی سی وی ڈی سکھر جو 300بستروں کی خصوصی سہولیات سے آراستہ ہے وہاں پر مختصر عرصے میں 650سے زاید بڑوں کی کارڈیک سرجریز سرانجام دی گئی ہیں جبکہ کے لاکھوں مریضوں کا بالکل مفت علاج کیا گیا ہے۔ این آئی سی وی ڈی سکھر میں انٹروینشنل کارڈیالوجی، ایمرجنسی، کلینکس اور دیگر بین الاقوامی معیار کی سہولیات میسر ہیں جس سے سکھر اور اس کے اطراف میں بسنے والے لوگوں کے ساتھ ملک کے مختلف شہروں سے آنے والے مریض بھی مستفید ہو رہے ہیں۔