کورونا مریضوں میں مسلسل اضافے اور عوامی شکایات پر سخت تشویش ہے،شہباز شریف

101

لاہور (نمائندہ جسارت ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پاکستان میں کورونا سے دو ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کورونا کے ٹیسٹ کے مہنگے ہونے کی عوامی شکایات کا نوٹس لیا جائے،وفاق، صوبے، ضلع اور تحصیل کی سطح پر عوام کو ٹیسٹ اور علاج کی رہنمائی کیلیے اشتہارات چلائے جائیں۔ جمعرات کو اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہاکہ متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں،اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔انہوںنے کہاکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد میں میں مسلسل اضافے اور عوامی شکایات کی صورتحال پر سخت تشویش ہے۔ انہوںنے کہاکہکورونا کے ٹیسٹ کے مہنگے ہونے کی عوامی شکایات کا نوٹس لیا جائے۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کیرہنما مریم نواز شریف نے بھی کورونا وائرس سے متعلق ٹویٹ کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ حالیہ صورتحال میں پاکستان کو بہت بڑے بحران کا سامنا ہے۔کورونا وائرس کا پھیلاؤ ایک سنگین خطرہ ہے جس کا ہر سطح پر مقابلہ کرنا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس آزمائش کی گھڑی میں احتیاط برتیں ، طبی ہدایات پر عمل کریں اور اللہ رب العزت سے اس سے تحفظ کے لیے دعا کریں۔ایک اور ٹویٹ میں مریم نوا زنے کورونا وائرس سے دو پاکستانیوں کی موت پر اظہار افسوس کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی جب کہ مریضوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف نے اپنی قوم کے لیے ڈھیروں دعائوں کا پیغام دیا ہے۔انہوں نے مجھے ہدایت کی ہے کہ میں براہ راست ان کی نیک تمنائوں اور دعائوں سے قوم کو آگاہ کروں۔