سراج الحق کی مستحسن تجویز

571

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کی جانب سے حکومت سے کم تنخواہ والے افراد کے لیے مراعاتی پیکیج کا مطالبہ بروقت ہے اور حکومت کو اس پر فوری قدم اٹھانا چاہیے ۔ سراج الحق نے مطالبہ کیاہے کہ 25 ہزار روپے سے کم آمدنی والے افراد کے بجلی اور گیس کے بل معاف کیے جائیں اور غربت کی چکی میں پسنے والے افراد کو فوری طور پر ریلیف دیا جائے ۔ پاکستان کی معاشی حالت پہلے ہی تباہ ہے ، کورونا نے اسے مزید تباہ کردیا ہے ۔ کورونا کے نام پر حفاظتی اقدامات نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی ہے ۔ پوری دنیا میں کم تنخواہ والے افراد کے لیے خصوصی پیکیج متعارف کروائے گئے ہیں مگر پاکستان میں اس جانب کوئی توجہ نہیں ہے۔حکومت کو چاہیے کہ سراج الحق کی تجویز پر نہ صرف غور کرے بلکہ اسے قابل عمل بنا کر پاکستان میں بھی غریب افراد کے لیے پیکیج متعارف کروایا جائے ۔ یہ پیکیج بے نظیر سپورٹ پروگرام یا احساس پروگرام کی طرح گھر بیٹھے پیسے دینے کے بجائے غریب افراد کے بچوں کی تعلیمی اداروں میں فیسوں میں کمی ، ان کے لیے خصوصی ہیلتھ کارڈ اور بجلی اور گیس کے بلوںمیں خصوصی رعایت کی صورت میں ہو ۔ اس سے کم تنخواہ والے افراد میں غربت سے لڑنے کا عزم بھی پیدا ہوگا اور ان کی خود داری کو بھی ٹھیس نہیں پہنچے گی ۔ بہتر ہوگا کہ اس سلسلے میں جماعت اسلامی کے اراکین سینیٹ اور قومی اسمبلی میں باقاعدہ بل اور قرارداد پیش کریں تاکہ حکومت پر اس انتہائی اہم کام کے لیے ضروری دباؤ ڈالا جاسکے ۔ حکومت کاروباری سرگرمیوںکو دوبارہ شروع کرنے کے لیے چھوٹے کاروباری افراد کو بھی انتہائی کم شرح سود پر قرض مہیا کرے تو یہ اور بھی بہتر ہوگا ۔