لاڑکانہ ،کوروناوائرس کے پیش نظر شہر کے تمام چائے کے ہوٹلز بند کرنے کافیصلہ

140

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے کورونا وائرس کے پیش نظر حکومت سندھ کی ہدیات پر لاڑکانہ پولیس کو چائے کے تمام ہوٹلز بند کرنے اور شادی ہالز پر کڑی نظر رکھنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز سے کورونا وائرس متعلق لاڑکانہ پولیس کی جانب سے تھانہ جات کی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات پر رپورٹ طلب کرلی۔ اس موقع پر ایس ایس پی مسعود احمد بنگش نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا جس میں تمام اسپتالوں اور کورونا آئسولیشن سینٹر پر سیکورٹی کی تعیناتی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ ہیلتھ ریسکیو ٹیم کے ساتھ پولیس کی مخصوص نفری کو بھی تعینات کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت سندھ کی ایڈوائزری پرعمل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، تمام افسران کو ہدایات کی گئی کہ وہ ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کے عملے کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور تمام پولیس عملے کو کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کریں۔ اس کے ساتھ ہی ضلع کے تمام پولیس افسران کو آئی جی پی سندھ کی جانب سے متعین کردہ ترجیحات پر عمل درآمد کرکے اشتہاری، روپوش و مفرور ملزمان کی گرفتاریوں، تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے اور عوام کی شکایات کے بروقت ازالے سمیت مختلف پیشہ وارانہ امور کے بارے میں عمل کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔