حیدرآباد میں سکھر ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی ، ڈرائیور زخمی ، آمدو رفت معطل

110

 

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) حیدرآباد کے قریب جیکب آباد سے کراچی جانے والی سکھر ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، ڈرائیور زخمی، آمد و رفت معطل ہوگئی،حادثہ سگنل سسٹم کی خرابی کے باعث پیش آیا سکھر ایکسپریس پہلے سے کھڑی ہوئی مال گاڑی سے ٹکراکر ٹریک سے اتر گئی جس کے باعث ٹرین کا ڈرائیور زخمی جبکہ انجن تباہ ہوگیا‘ مال گاڑی کی بوگی کو بھی نقصان پہنچا‘ تین گھنٹے کے لئے ٹرینوں کی آمد ورفت معطل۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے قریب اللہ ڈنو ساند ریلوے ٹریک پر جیکب آباد سے کراچی جانے والی سکھر ایکسپریس لوپ لائن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی حادثہ سگنل سسٹم کی خرابی کے باعث
پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق مال گاڑی پہلے سے ٹریک پر موجود تھی جبکہ سگنل گرین تھا تاہم ٹرین کے ڈرائیور نے ذہانت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرین کی رفتار کو کنٹرول کیا جس سے باعث ٹرین ہولناک حادثے سے بچ گئی تاہم اس کا انجن تباہ ہوگیا جبکہ ڈرائیور بھی زخمی ہوا ہے حادثے میں مال کے ایک ڈبے کو بھی نقصان پہنچا ہے مال گاڑی سے ٹکرانے کے بعد ٹرین کا انجن ٹریک سے اتر گیا لیکن خوش قسمتی سے مسافر محفوظ رہے حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں اور ٹریک کی بحالی کا کام شروع کردیا۔ 3گھنٹے سے 4 گھنٹے کی کوشش کے بعد ٹریک بحال کرایا گیا اس دوران ڈاؤن ٹریک پر آنے والی گاڑیوں کو ٹنڈو آدم و دیگر اسٹیشنوں پر روک لیا گیا تھا۔