کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی زیرصدارت منعقد ہونے والے کراچی پولیس کے غیر معمولی اعلی سطحی اجلاس میں کورونا وائرس سے بچاﺅ اور سرکاری اقدامات پر عملدرآمد کرانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ایڈیشنل آئی جی نے پولیس اہلکاروں کے کرونا ٹیسٹ کرانے اور ایس ایس پیز کو کرونا ٹریننگ سینٹر ڈیوٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی پی ساﺅتھ آفس میں منعقد اجلاس میں تمام زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز و ایس ایس پیز انویسٹی گیشن اور دیگر متعلقہ پولیس افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں کورونا وائرس ایمرجنسی کی صورت میں پولیس کی ذمہ داریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس میں پولیس میں ہر قسم کی چھٹیاں اگلے حکم تک منسوخ کردی گئی ہیں اور انتہائی ایمرجنسی کے سوا کسی کو بھی چھٹی کی اجازت نہیں ہوگی۔ ضلعی ایس ایس پیز ایس تمام پولیس اہلکاروں کی حاضری کو یقینی بنائیں اور ان سے ڈیوٹیاں کروائی جائیں جن کو ٹریننگ سینٹرز نے کرونا وائرس کی ایمرجنسی کی وجہ سے عارضی طور پر اپنے اپنے ضلعوں کو واپس کردیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس اسٹیشن کی سطح پرنفری میں اضافہ کیا جائے اور کورونا وائرس ایمرجنسی کے پیش نظر تمام تھانوں کےایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقے میں قائم شادی ہالز اور بازاروں کو فوری طور پر بند کروائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ حکومت سندھ کی جانب سے 22 اسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثرین افراد کے لیے بنائے گئے آئسولیشن وارڈ کے اطراف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور نوجوان پولیس اہکاروں تعینات کیا جائے۔
ضلعی ایس پیز تھانوں میں موجود اینٹی رائیڈ سامان اور آلات کا جائزہ لیں اور کمی کی صورت میں اعلی حکام کو آگاہی دیں۔ اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی سکیورٹی کا مناسب بندوبست کرنے اور عوام کو روزمرہ استعمال کی اشیا کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد کی ہدایت کی گئی ہے۔ایڈیشنل آئی جی نے احکامات جاری کیے ہیں کہ پولیس اسٹیشنز، ایس ایس پیز، زونل ڈی آئی جیز کی سطح پر نفری میں اضافہ کیا جائے اور شادی ہال اور عارضی بازاروں کی بندش کی پابندی یقینی بنائی جائے۔
ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اہلکاروں کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں اور پولیس اہلکاروں کو کرونا سے متعلق احتیاطی تدابیر اپنانے کا حکم جاری کیا ہے۔غلام نبی میمن نے کہا کہ اہلکاروں کو ماسک دستانے اور دیگر حفاظتی آلات فراہم کئے جائیں، جن میں وائرس کی علامات ہوں ان پولیس اہلکاروں کے ٹیسٹ کرائے جائیں۔ایڈیشنل آئی جی نے حکم جاری کیا کہ ڈی آئی ساتھ، ایم ایس، پولیس جنرل اسپتال سے رابطے میں رہیں سپر اسٹورز پر بھی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں شادی ہالز، تقریبات اور عارضی بازاروں پر کورونا کے پیش نظر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کیاگیا۔کراچی پولیس چیف نے کہاکہ پولیس اہلکاروں کو بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے باہر بھی تعینات کیا جائے گا۔انہوں نے ڈی آئی جی ساﺅتھ کو پولیس اسپتال گارڈن میں بھی کورونا وائرس کٹس کا بندوبست کرنے کی ہدایت کی تاکہ ایسے تمام پولیس افسران کا ٹیسٹ کیا جاسکے جن کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہو، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں پر کڑی نگاہ رکھنے اور کراچی پولیس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران ہر طرح کی مدد کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔