رانا محمود علی خان کا دورہ شاہ پورجہانیاں

174

گزشتہ دنوں سینئر مزدور رہنما رانا محمود علی خان اور NLFسندھ کے جنرل سیکرٹری شکیل احمد شیخ نے شاہ پور جہانیاں مورو کا دورہ کیا۔ محنت کش یونین MDFالنور انڈسٹری شاہ پور جہانیاں کے دفتر میں یونین کے عہدیدار صدر زین العابدین اور جنرل سیکرٹری غلام مصطفی جویو اور دیگر عہدیداروں اور ورکرز نے یونین آفس میں ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر یونین کے مطالبات نوٹس پر یونین کے عہدیداروں نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر رانا محمود علی خان نے یونین کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ایک اچھے مطالبات نوٹس پر معاہدہ کے لیے جو جدو جہد کر رہے ہیں اور انتظامیہ جو رکاوٹ ڈال رہی ہے اس کا بھر پور طریقے سے مقابلہ کیا جائے کیونکہ جنوری 2019 میں پیش کردہ مطالبات نوٹس پر ابھی تک معاہدہ نہ ہونا انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کو ظاہر کرتا ہے جب کہ علاقے کے معزز ترین فرد نے مصالحت کا کردار ادا کرتے ہوئے معاہدے کے لیے تجاویز کو حتمی شکل دے دی تھی اور انتظامیہ نے اس پر رضا مندی کا اظہار کرتے ہوئے 2 دن کی مہلت طلب کی تھی لیکن اس کے بعد انتظامیہ غائب ہو گئی اس کے بعد یونین کی ہڑتال نوٹس پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لیبر نے تین میٹنگ طلب کی لیکن انتظامیہ کی جانب سے نوٹس جاری ہونے کے باوجود کوئی با اختیار فرد نہیں آ رہا ہے جس کی وجہ سے فیکٹری میں کشیدگی کا ماحول ہے انہوں نے یونین کے عہدیداروں کو کہا کہ وہ ایک اچھے معاہدہ کے علاوہ کوئی شرائط قبول نہ کریں۔ ٭محنت کش یونین MDFکے بعد 4بجے دن النورشوگر ملز ورکرز یونین کے ریفرنڈم کے جلسے میں شرکت کی اور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش کے پاس ہم ووٹ مانگنے آئے ہیں اور اب صرف ہم منشور کی بنیاد پر ووٹ حاصل کریں گے اور اﷲ نے چاہا اور محنت کشوں نے ہمیںCBAمنتخب کیا تو آئندہ ریفرنڈم میں ہم ووٹ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آپ سے مانگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ MDF بورڈ میں گزشتہ 12سال سے ہماری یونین CBA ہے اور مسلسل ایسے معاہدہ کیے جس کی بنیادپر وہاں کے محنت کش ہمیں ووٹ دیتے ہیں انشاء اﷲ النور شوگر ملز میں بھی یہ ہی سلسلہ جاری رہے گا۔ محنت کشوں سے خطاب کرتے ہوئے رانا محمود نے کہا کہ اگر موجودہ صدر ، جنرل سیکرٹری اور دیگر عہدیداروں نے فرائض ایماندری سے حل نہیں کئے اور محنت کشوں کے انفرادی اور اجتماعی مسائل پرتوجہ نہیں دی تو النور شوگر ملز شاہر پور جہانیاں کے گیٹ پر میں اسی طرح سے نئے عہدیداروں کو مقرر کروں گا۔ NLF سندھ کے جنرل سیکرٹری شکیل احمد شیخ نے NLF کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین کروایا اور کہا کہ NLFیونین کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔