سکھر،ریلوے کالونیوں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات

172

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر کے مختلف علاقوں میں ریلوے ملازمین کے لیے قائم کی جانیوالی ریلوے کالونیوں اور ریلوے کوارٹروں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے گندگی کے ڈھیروں نے پہاڑوں کی شکل اختیار کرنا شروع کردی ہے، گندگی کے ڈھیر، نالیوں اور گٹروں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے مہلک بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ریلوے سکھر کی انجن شیڈ کالونی میں تو صفائی ستھرائی نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں نے گھروں سے باہر نکلنا بھی چھوڑ دیا ہے۔ گندگی کے باعث مچھروں کی بہتات نے ریلوے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی نیندیں بھی حرام کردی ہیں۔ صفائی کے ناقص انتظامات کے سلسلے میں علاقہ مکینوں نے بتایا کہ محکمہ ریلوے سکھر ڈویژن کے پاس ریلوے کالونیوں کی صفائی ستھرائی کے لیے سینیٹری ورکرز بھرتی ہیں اور ان کی دیکھ بھال کے لیے سینیٹری انسپکٹر بھی تعینات کیے گئے ہیں لیکن افسوس ریلوے افسران کو شکایات کے باوجود صفائی کا عملہ صفائی نہیں کررہا ہے۔ ریلوے کالونیوں اور ریلوے کواٹروں کے مکینوں اور ملازمین نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، سیکرٹری ریلوے، ڈی ایس ریلوے سکھر ڈویژن اور دیگر متعلقہ افسران سے نوٹس لے کر علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کا پُرزور مطالبہ کیا ہے۔