پی ٹی آئی حکومت کاغذ کی کشتی میں سمندر کا سفر کررہی ہے،سراج الحق

452
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق مفتاح العلوم کرک میں دستاربندی کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

کرک( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت کاغذ کی کشتی میں سمندر کا سفر کر رہی ہے ۔ موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی ناکام اور نااہل ترین حکومت ہے ۔ وفاق اور صوبوں میں اعتماد نہیں رہا جس کی اصل ذمے دار مرکزی حکومت ہے ۔ وفاقی حکومت صوبوں کو ان کے حقوق دے تاکہ احساس محرومی کا خاتمہ ہوسکے ۔ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع گیس اور تیل سمیت قدرتی معدنیات سے مالا مال ہیں مگر مقامی آبادی کو اس کا کوئی فائدہ نہیں پہنچایا جارہا ۔ آئین کا آرٹیکل 161 وفاق کو پابند کرتاہے کہ معدنیات سے حاصل ہونے والی آمدن مقامی آبادی پر خرچ کی جائے ۔ اسی طرح آئین کے آرٹیکل 160 کا تقاضا ہے کہ وفاقی حکومت ہر 5 سال بعد صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ دے مگر حکومت مسلسل اس سے پہلو تہی کر رہی ہے ۔ وزیراعظم کے مہنگائی میں کمی کے دعوئوں پر عوام حیرت زدہ ہیں اور حکمرانوں کی ذہنی حالت پر سوال اٹھنے لگے ہیں ۔ حکومت کی طرف سے عوام کو ملنے والا ریلیف دور بین سے بھی نظر نہیں آرہا۔ مدارس اسلام کے قلعے ہیں ، ان کی حفاظت ہمار ے لیے عین عبادت ہے ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوںنے جامعہ مفتاح العلوم کرک میں جلسہ دستار فضیلت سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت ابھی تک اپنی سمت کا تعین نہیں کر سکی ۔ وفاقی کابینہ کے کچھ وزرا مشرق اور کچھ مغرب کو جارہے ہیں اور خود وزیراعظم گومگوں کی کیفیت سے نہیں نکل رہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ قبائلی اضلاع میں ابھی تک بارودی سرنگوں کو مکمل طور پر صاف نہیں کیا جاسکاجس کی وجہ سے آئے روز مقامی لوگ حادثات کا شکار ہورہے ہیں ۔ ان بارودی سرنگوں کی وجہ سے کئی لوگ موت کے منہ میں جاچکے ہیں ۔ مقامی آبادی کو حادثات سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ علاقے کو کلیئر کر کے مقامی لوگوں کے لیے محفوظ بنایا جائے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کورونا وائرس اللہ کا عذاب ہے اس وبا سے بچنے کے لیے اجتماعی توبہ و استغفار اور اللہ سے رجوع کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی طرف سے کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے اور عوام الناس کو اس سے محفوظ رکھنے کے لیے کوئی خاطر خواہ انتظامات نظر نہیں آرہے ۔ عوام پریشان ہیں جبکہ حکومت ابھی تک کئی علاقوں میں اس کی تشخیص اور علاج کے سینٹرز بھی نہیں بنا سکی ۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس کی تشخیص اور علاج کے لیے ہر تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال میں انتظام ہونا ضروری ہے ۔یہ وقت استغفار کا ہے حکمران اللہ او ر رسول ؐ کے احکامات سے بغاوت کے بجائے اجتماعی توبہ و استغفا ر کریں تاکہ اس عذاب سے بچا جاسکے ۔ قوم کی درست سمت رہنمائی کے لیے علما کرام کو قیادت کا فرض ادا کرنا چاہیے۔
سراج الحق