راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں کورونا مینجمنٹ سینٹر قائم

265

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لاہور سے راولپنڈی پہنچتے ہی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں قائم کورونا مینجمنٹ سینٹر کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے کورونا مینجمنٹ سینٹر میں مریضوں کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے کورونا مینجمنٹ سینٹر کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کورونا مینجمنٹ سینٹر میں علاج کی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں 50 بستروں پر مشتمل کورونا مینجمنٹ سینٹر قائم کر دیا گیا ہے، خدانخواستہ ضرورت پڑنے پر بستروں کی تعداد بڑھائی بھی جاسکتی ہے،پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تشخیص کے لیے ضروری کٹس منگوا لی گئی ہیں۔انہوںنے کہا کہ پنجاب کابینہ صوبے میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری دے چکی ہے،صوبے کے عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھا رہے ہیں، کورونا وائرس سے بچائو کے لیے جاری ہیلتھ ایڈوائزری پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے،ڈاکٹرز، نرسز اورپیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں،ہاتھ بار بار دھوئیں۔علاوہ ازیںوزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار طیارے حادثے میں شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی رہائش گاہ پر گئے۔ وزیراعلیٰ نے شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کے والد بریگیڈیئر (ر) محمد اکرم، بھائی سلمان اکرم، بیٹے طلحہ اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے المناک حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کے درجات کی بلندی کیلیے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی کی ۔وزیراعلیٰ نے شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ونگ کمانڈر نعمان اکرم نے شہادت کا بلند رتبہ پایا اورہمارا ایمان ہے کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔