میڈیا مالکان کو ہراساں کرنا بدترین انتقامی کارروائی ہے، جاوید ہاشمی

122

جہانیاں(آن لائن) بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ نیب کامیڈیا مالکان کو ہراساں کرنا بدترین انتقامی کارروائی ہے، شہباز شریف کو واپس آنا چاہیے، بہاولپور صوبے پر ملتان میں تحریک چلنے کا امکان ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نواحی علاقہ137دس آرمیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ بہاول پور صوبہ بنے گا نہ ہی سیکرٹریٹ بنے گا ، ملتان کی اپنی
جغرافیائی اہمیت ہے اس غلط فیصلے سے ملتان کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔ مسائل حل کرنے کے بجائے بحران پیدا کر دیا گیا ہے۔ ملک کو بحرانستان بنا دیا گیا ہے،کبھی مہنگائی ،کبھی آٹے کا بحران ،کبھی چینی کا بحران،سیکرٹریٹ بنانے سے بہاول پور والے بھی خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے سمیت متعدد سیاستدانوں پر میڈیا کوریج کی پابندی ہے ،حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے میڈیا مالکان کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔ احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبے بنائے جانے کے خلاف نہیں ہیں ہم کہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ صوبے بنائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی اجلاس میں میاںشہباز شریف کی کمی محسوس کی جاتی ہے ہم سمجھتے ہیں کہ انہیں یہاں ہونا چاہیے لیکن دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان بھی اسمبلی نہیں جاتے ہیں ہم شہباز شریف کو لے آئیں گے پہلے عمران خان کو تو اسمبلی میں لایا جائے ۔