ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) مریض کے ورثا کا سول اسپتال ٹھٹھہ میں ایمرجنسی وارڈ کے عملے پر بے رحمانہ تشدد، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی سول اسپتال ٹھٹھہ کی جانب سے اسپتال کی تالا بندی اور احتجاج۔ مریض کی مرہم پٹی کے لیے آئے ہوئے مریض کے ورثا اسٹاف پر برس پڑے، ڈسپینسر جاوید خشک کا بازو توڑ دیا، جس کیخلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے اسپتال کی تالا بندی کرکے سول سرجن آفس سے مین روڈ تک ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے یونین رہنماؤں ڈاکٹر ذوالفقار، ڈاکٹر محمود، حاجی ابراہیم، انور جاکھرو و دیگر نے کہا کہ تشدد کی رپورٹ درج کرانے کے باوجود مکلی پولیس کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لاسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکلی پولیس ڈاکٹروں سمیت اسپتال عملے کو تحفظ فراہم نہیں کررہی۔ یونین رہنماؤں نے اسپتال عملے کو مارپیٹ کرنے والے مسلح افراد کی گرفتاری تک روزانہ دو گھنٹے او پی ڈی میں ٹوکن ہڑتال کا اعلان کیا۔