سکھر( نمائندہ جسارت)سانگی کے قریب مزدا ٹرالر سے ٹکرا گئی، دو افراد جاں بحق، ایک زخمی،متوفیوںکی نعشیں اور زخمی کو اسپتال پہنچا دیا، دونوں گاڑیاں تحویل میں لے لیں گئیں،سانگی کے قریب موٹر وے پر کلر گوٹھ کے مقام پر پنجاب سے سکھر کی طرف آنے والی ایک مزدا تیز رفتاری کے باعث آگے جانے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں مزدا میں سوار دو افرادجام شریف ولد محمد نواز اور پہلوان ولد خان محمد موقع پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاںبحق ہو گئے ، جبکہ مزدا ڈرائیور اعجاز احمد ولد محمد بشیر زخمی ہوگیا پولیس نے حادثے کی اطلاع پر پہنچ کر متوفیان کی نعشیں تحویل میں لے کر نعشوں اور زخمی کو مقامی اسپتال پہنچایا اور حادثے کا شکار دونوں گاڑیاں تحویل میں لے لیں۔ دوسری جانب سکھر میں تھانے پر عدالتی چھاپا ،8 ماہ سے قید نوجوان بازیاب، سیشن جج سکھر کے حکم پر پنوعاقل کے سیکنڈ سول جج نے سکھر کے کچے کے تھانے سدھو جہ پر چھاپا مار کر وہاں پر 8 ماہ سے بلاجواز قید نوجوان نور حسن بجارانی کو بازیاب کرالیا ،بازیابی کے وقت نوجوان کو ہتھکڑیاں لگی ہوئی تھیں اور اس کے بال اور ناخن تک بڑھے ہوئے تھے، سیکنڈ سول جج نے بازیاب نوجوان کو فوری طور پر سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا نوجوان کی حالت پر اور اسے بلاجواز 8 ماہ تک قید رکھنے پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او پر سخت برہمی کا اظہار کیا ،نوجوان نور حسن نے میڈیا کو بتایا کہ ان کا شیخ برادری سے جھگڑا چل رہا تھا اور وہ 24 اگست کو اپنے بھائی عابد حسین کے ہمراہ عدالت سے پیشی کے بعد واپس آرہے تھے کہ پولیس نے ملزمان کے ساتھ مل کر انہیں اغوا کیا اور اس کے بعد اسے آج رہائی ملی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسے جہاں بھی رکھا جاتا آنکھوں پر پٹی باندھ کر لے جاتے تھے اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا تھا۔