ملتان کی میزبانی اور پنڈی کے شائقین کا پیار نہیں بھول سکتے،معین علی

317

کراچی (اسٹاف رپورٹر)20 فروری سے شروع ہونے والاپی ایس ایل 2020کامیلہ بھرپور دھوم دھام سے پاکستان میں جاری ہے۔ مقامی اور قومی کھلاڑیوں کے بعد اب غیرملکی کرکٹرز بھی لیگ کے سحر میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ پاکستان کے4 مختلف شہروں میں کرکٹ کھیلنے کے بعد غیرملکی کھلاڑی لیگ کے دوران ماحول، تماشائیوں کی شرکت اور گراؤنڈ اسٹاف کی بھرپور تعریف کررہے ہیں۔پاکستان کی بھرپور مہمان نوازی کے معترف غیرملکی کھلاڑیوں نے ایونٹ میں کھیل کے معیار کو بھی سراہا ہے۔ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز،2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈاور 2017 کی چیمپئن پشاور زلمی کے علاوہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے درمیان پلے آف مرحلے میں رسائی کی جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔اب تک صرف ملتان سلطانز کی ٹیم 11 پوائنٹس کیساتھ ایونٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرسکی ہے۔ معین علی کا کہنا ہے کہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تینوں میچوں میں شائقینِ کرکٹ کا جوش دیدنی تھا۔ انہوں نے کہاکہ اسکواڈ میں شامل ہر رکن ملتان کے لوگوں کی میزبانی، پیار اور کھیل سے محبت کے جذبہ کا معترف ہے۔معین علی نے کہاکہ سہولیات کے اعتبار سے ملتان اسٹیڈیم کا شمار محدود طرز کی کرکٹ کے چند بہترین اسٹیڈیمز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی پچ بیٹسمین اور بولر دونوں کے لیے سازگار ہے۔وہ پرامید ہیں کہ ملتان سلطانز آئندہ ایڈیشنز میں اپنے تمام میچز ملتان اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔پشاور زلمی کی ٹیم تاحال پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔پشاور زلمی کے بلے باز لیام لیونگ اسٹون کاکہنا ہے کہ گذشتہ 2 ہفتے پشاور زلمی کے لیے بہت اہم تھے تاہم اب ٹیم کی گاڑی جیت کی پٹری پر چڑھ چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی ٹیم کے لیے ٹورنامنٹ کے آغاز کے بجائے بہترین وقت پرمومنٹم پکڑنا اہم ہوتا ہے اور انہیں خوشی ہے کہ پی ایس ایل 2020 کے دوران پشاور زلمی کی گاڑی درست سمت پر گامزن ہے۔لیام لیونگ اسٹون نے کہا کہ وہاب ریاض ایک پرسکون کپتان ہے جنہیں اپنی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی نے لیگ کے5ویں ایڈیشن کے دوران جہاں بھی میچز کھیلے ہیں، تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد پیلے رنگ میں ڈھلی نظر آئی ہے۔