لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان میں نئی ڈکٹیٹر شپ سامنے آ رہی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور ہائیکورٹ بار میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں نئی ڈکٹیٹر شپ سامنے آ رہی ہے،نئے پاکستان میں قوم کو نئے فاشزم کا سامنا ہے۔
بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہید ذوالفقار بھٹو قانون دان تھے انھوں نے پاکستان کو آئین دیا، ذوالفقار بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا، 73 کے آئین کی رو سے عدلیہ ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، وکلا برادری انصاف کے حصول میں اپنا کردار ادا کرتی ہے،قوم آج بھی ذوالفقاربھٹو اور بینظیر بھٹو کے مقدمات میں انصاف کا تقاضہ کر رہی ہے۔
پی پی چیئر مین نے کہا کہ جنرل ضیاالحق سے جنرل مشرف تک سب نے آئین کو توڑا، ذوالفقار بھٹو کو ایک آمر نے پھانسی پر لٹکا دیا۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو بغیر کسی وجہ کہ جیل میں قید رکھا گیا تاہم آصف زرداری پر جھوٹے مقدمات چلائے گئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئین کی وجہ سے ہی تمام صوبوں کو نمایندگی دی گئی ہے، ہمیں امید ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو کے ساتھ انصاف ہوگا،ہمیں اب بھی عدالتوں سے انصاف کی امید ہے۔