آل پاکستان شوٹنگ بال ٹورنامنٹ الفرید کلب ساہیوال نے جیت لیا

218

حیدرآباد(جسارت نیوز) حیدرآباد میں منعقدہ آل پاکستان شوٹنگ بال ٹورنامنٹ الفرید کلب ساہیوال نے جیت لیا. حیدرآباد میں حسین آباد سروری اسپورٹس کمپلیکس میں ہوئے 27 ویں آل پاکستان اللہ وسایو بھٹی و ڈاکٹر ایم آئی جاوید اقبال جونیجو میموریل شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں فاتح ٹیم نے العثمان کلب لاہور کو 1-2 سے شکست دی. الفرید کی طرف سے علی عباس پنوں نے بہترین کھیل پیش کیا جبکہ لاہور کے قیصر بھٹی، طاہر مٹھو اوریوسف ظفر نے بھرپور مزاحمت کی.فتح کے بعد کامیاب ٹیم نے شاندار جشن منایا۔اس موقع پر تماشائیوں نے کھلاڑیوں کو اپنے کندھوں پراٹھاکررقص کیا.علی عباس پنوں کو شاندار کھیل پیش کرنے پر میچ اور پورے ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. 4 دن تک جاری رہنے والے مذکورہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 70 ٹیموں نے حصہ لیا۔ایونٹ کے دوران مختلف اسکولز کے طلباء و طالبات نے ثقافتی ٹیبلوز اور خاکے پیش کیے۔اس موقع پر خاص مہمانوں ڈاکٹر ذوالفقار یوسفانی,صداقت علی جتوئی، آغا اشرف علی پٹھان،وسیع احمد نظامانی،آغا سہیل احمد پٹھان,علی مرتضی بھٹی, عبدالستار سویو، وقار میمن، آغا صبور پٹھان، شکور تھیبو، ڈاکٹر قیصر جتوئی, ابراہیم کنبھر، عبدالنی بوزدار، الطاف سہاگ,عظمت اللہ کنبھر اور دیگر نے کھلاڑیوں میں ٹرافیز کے علاوہ شال, اجرک, وال کلاک,کمبل اور دیگر انعامات تقسیم کیے۔میڈیا کمیٹی کے فرائض عظمت اللہ کنبھر نے جبکہ کمنٹری کے فرائض ہدایت لاشاری، اسماعیل کھوسو اور پروفیسر عتیق احمد نے سرانجام دیے۔