جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے ویڈیو لنک کے ذریعے تر بیت گا ہ سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاگیرداروںسرمایہ داروںاور وڈیروںنے مل کر غریبوںکو لوٹا ہے۔ نظام کی تبدیلی کے بغیرمحنت کشوں کے حالات تبدیل نہیں ہوسکتے ہیں۔تبدیلی کا نعرہ لگانے والو نے ملک میں مہنگائی اورغربت کا طوفان برپا کر دیا ہے ۔آئی ایم ایف اور ورلڈبینک کی پالیسیاں ملک کو تباہ کررہی ہیں۔اسلام کا عادلانہ نظام ہی محنت کشوں کوحقوق فراہم کر سکتا ہے ۔آنکھیں بندکر کے غلامی کو برداشت کرنامنافقت ہے ۔محنت کش ایک بڑی تبدیلی کے لیے متحد ہوجائیں۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں غریبوں کے لیے انصاف کے دروازے بند ہوگئے ہیں ۔روٹی مہنگی اور گولی سستی ہوگئی ہے ۔پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا لیکن 72سال سے اس ملک میں کرپٹ اشرافیہ کی حکمرانی ہے۔ جنہوں نے دونوں ہاتھوں سے ملک وقوم کی دولت کو لوٹا قومی اداروں کو نج کاری کی بھینٹ چڑھا کر انہیں مکمل طور پر تباہ وبرباد کیا گیا۔ پاکستان اسٹیل اور پی آئی اے کو کسی محنت کش نے تباہ نہیں کیا بلکہ ان اداروں کی تباہی میں کرپٹ افسر شاہی اور سیاسی مداخلت نے ان اداروں کو تباہ کیا ہے ۔حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور نااہلی کی وجہ سے عالمی ساہوکار ایک بار پھر پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔ملک قرضوں کی دلدل میں پھنستا ہی جا رہا ہے اور روشنی کی کوئی کرن نظر نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش ایک بڑی قوت اور طاقت ہیں ۔محنت کشوں کو چاہیے کہ وہ اپنی قوت کو پہچانے اورظلم کے نظام کا خاتمہ کرنے کے لیے دیانت دار قیادت کا ساتھ دیا جائے۔جماعت اسلامی کے پاس مکمل ہوم ورک موجود ہے اور ہم عوامی قوت کے ذریعے اقتدار میں آکر عوام کے بنیادی مسائل حل کریں گے اور جماعت اسلامی ہی پاکستان کو بحران سے نکال سکتی ہے ۔موجودہ حکمرانو ںنے عوام کو مایوس کیا ہے اورتبدیلی غریب عوام کے لیے ایک عذاب بن گئی ہے۔