پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک پر نالائق اور نااہل حکمران مسلط ہیں،پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل نے عوام کا معاشی قتل کردیا ہے،ملک میں ایسی حکومت ہے جو کسی کو برداشت نہیں کرتی۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ حکومت مظلوم طبقے پرسب سے زیادہ ظلم کررہی ہے،موجودہ حکومت نے عوام پرمہنگائی کابوجھ بڑھادیا، نالائق حکومت مزدورطبقے کے لئے مشکلات پیداکررہی ہے، ملک کی معاشی صورتحال بد سے بدتر ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے لئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیاجو اس حکومت نے ختم کردیا،ملک پر نالائق اور نااہل حکمران مسلط ہیں،یہ حکمران نااہل ہیں،ملک چلاسکتے ہیں نہ معیشت،موجودہ حکومت نے معاشی حالات بدتر بنا دیئے ہیں۔
چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہاکہ پی ٹی آئی والےسیاست کر سکتے ہیں نہ حکومت، حکومت نے ہماری معاشی خود مختاری پر سودابازی کی،آئی ایم ایف کے ہاتھوں معیشت کو گروی رکھ دیا،آئی ایم ایف کا نمائندہ پاکستان کا نمائندہ بن کر آئی ایم ایف سے بات کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بغیر منصوبہ بندی آئی ایم ایف سے مذاکرات کیے، یہ تو آئی ایم ایف سے بھی مذاکرات نہیں کر سکتے۔حکومت نے آئی ایم ایف کی ہرشرط کومانا،پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل نے عوام کا معاشی قتل کردیا ہے، حکومت ملک میں غریبوں پر ظلم کر رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ چاہتے ہیں عوام کے لئے غریب دوست پالیسی لے کر آئیں،ہم نہیں چاہتے ایسی حکومت ہو جو صرف بزنس مینوں کو نوازے جب کہ ن لیگ، پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسی میں بہت فرق ہے، ن لیگ اور پی ٹی آئی صرف امیروں کےلیے کام کرتی ہے۔