پاک ایران سرحد کو 14روز بعد تجارت کے لیے کھول دیا گیا

192

تفتان ( آن لائن )تفتان میں پاک ایران سرحد کو 14 روز بعد تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھول دیا گیا۔ایران میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد پاکستانی حکام نے حفاظتی انتظامات کرتے ہوئے بلوچستان کے ضلع تفتان میں پاک ایران بارڈر کو بند کردیا تھا اور شروع میں ایران سے آنے والے زائرین کی آمدو رفت بھی روک دی گئی تھی تاہم زائرین کو بعد میں پاکستان میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔ لیویز حکام نے تفتان میں پاک ایران سرحد 14 روز بعد تجارت کے لیے کھولنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں۔مقامی انتظامیہ کی جانب سے بارڈر کے دروازے کھلنے کے بعد تجارت کی بحالی سے مال بردارٹریلرز کی آمدورفت شروع ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ تفتان بارڈر کے ذریعے ایران سے پاکستان آے والے زائرین کو پاکستان ہاؤس میں قرنطینہ میں رکھا جارہا ہے جہاں اب تک 3 ہزار سے زائد افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جب کہ پاکستان ہاؤس بھرنے کے باعث دیگر لوگوں کو ٹاؤن ہال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب افغانستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد چمن پر پاک افغان بارڈر 6 روز سے بند ہے جہاں باب دوستی سے ہر قسم کی دوطرفہ آمدورفت معطل ہے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ چمن سے پاک افغان سرحد اتوار تک کھلنے کا امکان ہے، سرحد کھلنے کے بعد افغانستان سے آنے والے افراد کی اسکریننگ ہوگی۔