سکھر (نمائندہ جسارت) مقامی سینئر وکیل فاروق جتوئی نے پاکستان ایکسپریس اور مسافر کوچ تصادم کے افسوسناک واقعہ کیخلاف سیشن جج کی عدالت میں پٹیشن دائر کردی۔ درخواست میں وزیر ریلویز شیخ رشید، ڈی ایس ریلویز، کمشنر و ڈپٹی کمشنر سکھر، ایس ایس پی سکھر، ایس ایس پی موٹر ویز سرور بھیو سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ افسران کی نااہلی و لاعلمی کے باعث ریلوے کراسنگ نہ ہونا حادثے کا سبب بنا، حادثے میں موٹروے پولیس بھی برابر کی شریک ہے، سانحے میں ضلع انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ کی بھی غفلت شامل ہے، بس ڈرائیور پر ایف آئی آر درج کرکے اصل ذمے داران کو بری الذمہ قرار دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ سانحہ پاکستان ایکسپریس اور مسافر کوچ تصادم میں 20 افراد لقمہ اجل بنے تھے۔