شاہد خاقان کی ادارہ نورحق آمد، نعمت اللہ خان کے انتقال پر تعزیت

550
ن لیگ کا وفد ادارہ نورحق میں نعمت اللہ خان کے انتقال پر تعزیت کے بعد فاتحہ خوانی کررہا ہے ۔دوسری طرف شاہد خاقان عباسی میڈیاسے گفتگو کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے سینئر نائب صدر وسابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں ن لیگ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کراچی کے سابق امیر و سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے انتقال پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور نعمت اللہ خان کے صاحبزادے ندیم اقبال ودیگر ذمے داران سے ملاقات اور فاتحہ خوانی کی ۔وفد میں پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال ،مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب ،سابق گورنر سندھ محمد زبیر ،سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ودیگر بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں رکن سندھ اسمبلی وامیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبد الرشید،سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ،نائب امرا مسلم پرویز ، راجا عارف سلطان ودیگر بھی موجود تھے ۔مسلم لیگ ( ن)اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک میں معاشی بحران ،بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری، ترقیاتی کاموں کے فقدان ،کے فور منصوبے سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ہم پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے ذمے داران اور ان کے صاحبزادے سے تعزیت کے لیے آئے ہیں ،نعمت اللہ خان کراچی کے محسن تھے ،انہوں نے پاکستان کی تاریخ میں کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کو معاشی بحران اور مجموعی مسائل سے نکالنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر چلنے کا عزم رکھتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن )عورت مارچ کی حمایت کرتی ہے ، تاہم مارچ کا سلوگن نامناسب ہے اس حوالے سے منتظمین سے بات کی جائے گی اورسلوگن تبدیل کرایا جائے گا۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عالمی یوم خواتین کے سلسلے میں باغ جناح میں ’’خواتین کانفرنس ‘‘ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خطاب کریں گے ، جس میں وہ ’’خواتین کانفرنس ‘‘ کے چارٹر کا بھی اعلان کریں گے ، خواتین چارٹر پاکستان کے آئین اور اسلامی تہذیب کے کلچر کے تناظر میں پیش کیا جائے گا ۔