کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان چیمبرز آف کامرس اورتہران چیمبر آف کامرس نے دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں سمیت نجی سطح پر بھی پاکستان اور ایران کے مابین دوطرفہ تجارت کوبڑھانے کی کوششوں کا آغاز کردیا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو 5ارب ڈالر تک بڑھایا جاسکتا ہے۔اس وقت ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں کی وجہ سے پاکستان اور ایران بارٹر سسٹم کے تحت باہمی تجارت کررہے ہیں اورموجودہ صورتحال میں ہمسایہ ملکوں کی دوطرفہ تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر ہے جسے باآسانی 5 ارب ڈالر تک توسیع دی جاسکتی ہے،اور ان توقعات کا اظہار تہران چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ٹی سی سی آئی) کے عہدیداران نے حال ہی میں پاکستان کے دورے میں مختلف چیمبرز آف کامرس اورٹریڈ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سے ملاقاتوں میں کیا تھا۔تہران چیمبر نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ اس میں اضافہ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ماہرین کا خیال ہے کہ اقتصادی پابندیوں کی وجہ سے پاک ایران تجارت متاثر ہو رہی ہے لیکن اس میں اضافہ کے وسیع امکانات موجود ہیں تاہم کورونا وائرس کے پھیلائو کی وجہ سے پاک ایران باہمی تجارت عارضی طور پر معطل ہے مگر دونوں ملکوں کے تجارتی حلقوں کو امیدہے کہ جلد ہی پاکستان اور ایران کی تجارت بحال ہو جائے گی اورباہمی تجارت اور رقوم کی ادائیگی کی سہولیات سے تجارت میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔