بلاول شہید بے نظیر کی طرح سیاسی کردار ادا کررہے ہیں،نثار کھوڑو

184

کراچی (نمائندہ جسارت)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری ملک کی سیاست میں شہید ذوالفقار علی بھٹو،شہید محترمہ بے نظیر بھٹوکی طرح کا سیاسی کردار ادا کر رہے ہیں اورپورے پاکستان کی قیادت کریں گے۔ بلاول زرداری اس قوم کو ساتھ لے کر پاکستان کو آگے بڑھائیں گے ۔مخالفین کان کھول کر سن لیں پیپلز پارٹی ہمیشہ زندہ رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثاراحمد کھوڑو نے پیپلز پارٹی کے رہنما شہید عبداللہ مراد کی 16 ویں برسی کے سلسلے میں محمدی فٹبال گراؤنڈ میمن گوٹھ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعید غنی، صوبائی وزیر غلام مرتضی بلوچ، رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل،آغا رفیع اللہ، رکن سندھ راجہ رزاق، رکن سندھ اسمبلی ساجد جوکھیو، رکن سندھ اسمبلی شاہینہ شیر علی، نعمان عبداللہ مراد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے مزید کہاکہ عبداللہ مراد نے اس وقت کی حکومتوں کے خلاف احتجاج کیا تھا، آج وہی سڑکیں اور ملیر کے لوگ یاد کرتے ہیں، عبداللہ مراد شہید نے ملیر کا نام روشن کیا، عبداللہ مراد نے پسے ہوئے لوگوں کا ساتھ دیا، وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا جیالا تھا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے نا مسائد حالات میں جیلوں کے دن کاٹے، انہوں نے کہا کہ آج بہت سارے کردار کھل کر سامنے آ چکے ہیں، جان بوجھ کر سیاست دانوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعید غنی نے کہا کہ عبداللہ مراد شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ عبداللہ مراد شہید نے ملیر کے مسائل پر بھرپور انداز میں آواز اٹھائی۔ عبداللہ مراد ایک سیاسی کارکن تھا اور اس نے بہادری سے ایک مقام بنایا۔پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ہما یوں خان نے کہا کہ عبداللہ مراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ہمارے تمام کارکنان کو بلاول زرداری اور آصف علی زرداری کے ساتھ مل کر جدوجہد کرتے رہنا چاہیے۔ صوبائی وزیر غلام مرتضی بلوچ نے کہا کہ ہم عبداللہ مراد شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور کارکنان کا جلسے میں شرکت کرنے پر مشکور ہوں۔ رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے کہا کہ شہید عبداللہ مراد ذوالفقار علی بھٹو کا جیالا تھا اور پیپلز پارٹی کا وہ کارکن تھا، جس نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیاان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ رکن سندھ اسمبلی ساجد جوکھیو نے کہا کہ جس دہشت گرد تنظیم نے عبداللہ مراد کو شہید کیا آج وہ خود اللہ کی لاٹھی سے نہیں بچ سکے۔ وہ اپنا لندن کا سیکرٹریٹ بھی فروخت کر رہے ہیں۔ جلسے میں، پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی،راشد ربانی، عبدالحکیم بلوچ،لیاقت آسکانی، آصف خان، میر عباس تالپور، حبیب الدین جنیدی، اقبال ساند، امان اللہ محسود، انور لعل ڈین، نوید انتھونی، جاوید نایاب لغاری، سردار نزاکت، شہریار بھگت، خلیل ہوت، ذوالفقار قائمخانی، شکیل چوہدری، مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی، امداد جوکھیو، شمشاد قریشی، کریم شاہ، جاوید تاج، جان عالم جاموٹ، نذیر بھٹو کے علاوہ پارٹی کے عہدیداروں، علاقہ کے عمائدین اور کارکنان کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔