حکومت نے 18 ماہ کے دوران سارا زور سیاسی انتقام لینے پر دیا: احسن اقبال

365

کراچی: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے 18 ماہ میں سارا زور سیاسی مخالفین پر لگایا ہے، اتنا ہی زور مسائل کے حل پر لگاتے تو سارے مسائل حل ہوجاتے۔

کراچی میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسمائیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے حکومت پر خوب تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی صفوں میں موجود مافیا کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، حکومت نے 18 ماہ میں صرف سیاسی انتقام لینے پر زور دیا، اگر اتنا ہی زور مسائل کے حل پر دیا جاتا تو تمام مسائل حل ہوجاتے۔

احسن اقبال نے کہا کہ چینی اور آٹے سے بڑا اسکینڈل اس وقت کوئی نہیں،  جو عمران خان کے خرچے چلاتے ہیں وہ ملک کو لوٹ کر آگے کی کمائی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پانچ سالوں میں 3200 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا،  ہمارے منصوبوں نے بجلی کا بحران ختم کیا، ہم نے بلوچستان، گلگت بلتستان، کے پی کے میں منصوبے لگائے، ملک بھرمیں پسماندگی کےخاتمے کے لیے بڑے بڑے منصوبے لگائے۔

احسن اقبال نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کا دل ہے، ہم نے کراچی میں گرین لائن، لیاری ایکسپریس وے مکمل کیا، ہم ایک ایک منصوبےکی شفافیت کی گارنٹی دیتےہیں۔