کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علما اسلام کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ خواتین کو سب زیادہ عزت اسلام نے دی ہے۔اسلام ہی وہ عظیم اور عالمگیر مذہب ہے جو خواتین سمیت تمام طبقات کے حقوق کا محافظ ہے۔دینی مدارس نے بہت قلیل مدت میں ملک اور قوم کو ایک لاکھ سے زائد عالمات دی ہیں۔ عدالت عالیہ پاکستان کے اسلامی تشخص کو مجروح کرنے والے عورت مارچ کو رکوائے۔وہ جے یوآئی کے بزرگ رہنما موسیٰ لغاری کے بڑے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت،جامعہ ترتیل القرآن چاکیواڑہ مدرسہ امدادیہ قائم خانی کالونی، مدرسہ تحفیظ القرآن للبنات سہراب گوٹھ اوردیگر علاقوں میں اجتماعات سے خطاب کررہے تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ یہاں دو کرداروں کا مقابلہ ہے، ایک ملک پر مغربی تہذیب اور کلچر کے ذریعے فحاشی پھیلانا اور دوسرا کردار ملک بھر میں پھیلا ہوا دینی مدارس کا جال ہے،جس کے ذریعے ملک میں دینی مدارس،علوم نبوت اور علوم قرآن کی اشاعت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تعلیمی سال کے اختتام پر صرف وفاق المدارس کے زیرانتظام چلنے والے دینی مدارس سے دورہ حدیث کی تکمیل کرنے والی 16ہزار دختران قوم و ملک عالمات وفاضلات بن ر ہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کو جو مقام اور عزت دی ہے دنیا کا کوئی مذہب، نظام اور قوت نہیں دے سکتی۔انہوں نے عدالت عالیہ میرا جسم میری مرضی کے نام سے ہونے والے مجوزہ عورت مارچ کو روکنے کے اقدامات کو یقینی بنائے جو ملک میں فحاشی، عریانی،مغربی تہذیب اور کلچر کو فروغ دینے کے لیے کیا جارہا ہے۔