پی ایس ایل: پشاور نے کوئٹہ کو 30 رنز سے شکست دے دی

215

راولپنڈی(اسپورٹس رپورٹر)پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے 18ویں میچ میں دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پشاور زلمی کے ہاتھوںشکست،171رنز کے ہدف کے تعاقب میں 7وکٹوںپر 140رنز ہی بناسکے۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ بارش کےباعث تاخیر سے شروع ہوا،اس لیے میچ کو 15،15اوورز تک محدود رکھا گیا۔ کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پشاور کی جانب سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور امام الحق نے کیا تاہم 9 کے مجموعے پر امام الحق 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے اس کے بعد کامران اکمل 23 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ تیسری وکٹ پر حیدر علی اور شعیب ملک نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔حیدر علی 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ لیونگ اسٹون 12 اور شعیب ملک 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔کوئٹہ کی جانب سے محمد حسنین نے 4 جبکہ بین کٹنگ اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کوئٹہ کی جانب سے جیسن رائے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا۔ 45 کے مجموعے پر شین واٹسن 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔دوسری وکٹ 75 رنز پر گری جب جیسن رائے 45 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار ہوگئے۔اس کے بعد احمد شہزاد 10، بین کٹنگ 17، محمد نواز 18،کپتان سرفراز احمد ایک رن جبکہ اعظم خان کھاتہ کھولے بغیر ہی آئوٹ ہوگئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 15 اوورز میں 7 وکٹوں پر 140 رنز بناسکی اور میچ 30 رنز سے ہار گئی۔پشاور کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، راحت علی نے 2 جبکہ حسن علی اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر شعیب ملک مرد میدان قرار پائے۔