بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے، مفتی چمن زمان

939

سکھر (نمائندہ جسارت) بھارت میں مسلمانوں پر ظلم و جبر،مساجد، عبادگاہوں پر انتہا پسندوں کی جانب سے حملوں، پر تشدد واقعات کے خلاف جامعتہ العین سکھر کے زیر اہتمام مکرانی جامح مسجد بندر روڈ سکھر سے پریس کلب سکھر تک ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے بھارتی وزیر نریندر مودی کا پتلا اور بھارتی پرچم نذر آتش کرکے بھارت مخالف شدید نعریبازی کی۔ ریلی کی قیادت جامعتہ العین سکھر کے مولانا مفتی چمن زمان قادری، مولانا نازک سعیدی، سنی تحریک کے حافظ محبوب سہتو، انور کمال بلوچ و دیگر علمائے کرام نے کی جبکہ ریلی مییں طلبہ نے بھی شرکت کی۔ شرکا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ انتہا پسند بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے، بھارت میں مسلمانوں کی مساجد، عبادت گاہوں پر حملوں سمیت مسلمانوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ آج کشمیر سمیت بھارت میں جس طرح مسلمانوں پر ظلم و ستم ہو رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم، بھارتی فوج کا نہتے مسلمانوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنانا انسانی حقوق اور عالمی اصولوں کی بدترین خلاف ورزی ہے، جس پر عالمی اداروں کی چشم پوشی نہ صرف افسوسناک بلکہ قابل مذمت ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مسلمان شہادت کے جذبے سے سرشار ہیں، نریندر مودی اپنی جلائی ہوئی آگ میں ہی جل کر نیست و نابود ہوجائے گا۔ اب وقت آگیا ہے کہ اسلامی ممالک کے سربراہ اپنے اتحاد کو یقینی بنائیں اور بھارت میں مسلمانوں پر مظالم بند کرانے کے لیے میدان میں آکر بھرپور احتجاج کریں اور سفارتی سطح پر بھارت سے تعلقات ختم کریں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت میں انتہا پسند نریندر مودی کی جانب سے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے کر ظلم و جبر اور پر تشدد واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ بصورت دیگر دنیا بھر کے مسلمان یکجا ہوکر بھارت کو نیست و نابود کردیں گے۔ اس موقع پر عالم اسلام کی سربلندی مسلمانوں پر مظالم کے خاتمے کے لیے دعا بھی کی گئیں۔