اسلام آباد(اے پی پی)احتساب عدالت نے آصف علی زرداری اور دیگرملزمان کیخلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی۔ بدھ کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران آصف علی زرداری بیماری کے باعث پیش نہیں ہوئے، جس پر ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی جوکہ عدالت نے منظورکر لی۔ سماعت کے دوران نوڈیرو ہاؤس کے انچارج ملزم ندیم بھٹو اور عبدالغنی مجید سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے
تاہم ملزم اشفاق لغاری کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اسے گرفتارکرکے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا ۔ عدالت نے ملزمان کو ریفرنس کی نقول بھی فراہم کرنے کا حکم دیا ۔ علاوہ ازیں فریال تالپور نے سندھ اسمبلی سے ملنے والی تنخواہ، زراعت اور دیگر کاروبار سے حاصل ہونے والی آمدن سمیت فیملی کے ٹیکس ریٹرنز کی تفصیلات احتساب عدالت میں جمع کرا دی ہیں۔ عدالت نے فریال تالپور کے منجمند بینک اکائونٹس کھلوانے کے لیے نیب سے جواب طلب کر لیا ہے۔ بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے فریال تالپور کے منجمند بینک اکائونٹس کھلوانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ وکیل فاروق ایچ نائیک نے فریال تالپور کے ذرائع آمدن سے متعلق ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ تنخواہ، زراعت اور دیگر کاروبار سے حاصل ہونے والی آمدن سمیت فریال تالپور اور انکی بیٹیوں عائشہ اور فاطمہ تالپور کے ٹیکس ریٹرنز کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیے کہ نیب کے خط پر فریال تالپور اور انکی صاحبزادیوں کے اکائونٹس منجمند ہوئے، عدالتی حکم پر تمام ریکارڈ پیش کر دیا ہے، عدالت تینوں بینک اکائونٹس کھلوانے کا حکم جاری کرے، عدالت نے فریال تالپور کی جانب سے پیش کردہ دستاویز پر نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 10مارچ تک ملتوی کر دی۔ دوسری جانب احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ سے سندھ بینک کو 25 ارب کا نقصان پہنچانے کے ریفرنس پر سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی۔ بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے منی لانڈرنگ سے سندھ بینک کو 25 ارب نقصان پہنچانے کے ریفرنس پر سماعت کی۔ ملزمان بلال شیخ، حسین لوائی، عبد الغنی مجید سمیت دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم ملزم یونس قدوائی،اسلم مسعود، عدنان آفریدی طلبی کے باوجود بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ طلبی کے نوٹس کی تعمیل نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نیب کو ملزمان کے تازہ ایڈریس، موبائل نمبرز اور ای میل کی تفصیلات مرتب کرنے کی ہدایت کی۔فاضل جج محمد اعظم خان نے ریمارکس دیے کہ دوران تحقیقات ملزمان سے تمام تفصیلات لی جائیں۔ عدالت نے پیش نہ ہونیوالے ملزمان کی طلبی کے نوٹس درست ایڈریس پر بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزیدسماعت 26مارچ تک ملتوی کر دی۔
ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس