شہباز شریف کو استثنا کا فیصلہ معطل کرنے کی نیب استدعا مسترد

179

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں2 رکنی بینچ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کو احتساب عدالت کی جانب سے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل کیسز میں مستقل حاضری سے استثنا دینے کے فیصلے کو فوری طور پر معطل کرنے کی نیب کی استدعا مسترد کردی۔ جبکہ عدالت نے نیب درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24مارچ کو جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے قراردیا کہ فریقین کو سنے بغیر درخواست پر فوری طور پر فیصلہ نہیں کرسکتے۔ نیب کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ 17جنوری کو احتساب عدالت کے جج نے شہباز شریف کو مستقل حاضری کی پیشی سے متعلق معافی دی اور اس حوالے سے شہباز شریف نے رولز پر عمل نہیں کیا جبکہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ بھی حقائق کے برعکس ہے لہٰذا حتساب عدالت کے فیصلہ کو کالعدم قراردے کر شہباز شریف کو دونوں ریفرنسز میں ہر سماعت پر اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے۔