کوئی نہیں مانتا نواز شریف کرپشن کی وجہ سے جیل یا لندن میں ہیں،بلاول بھٹو

626

چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ آج کوئی ماننے کوتیارنہیں کہ نوازشریف جیل یا لندن میں  کرپشن کی وجہ سے ہیں، بلکہ وہ سیاسی انتقامی کارروائی کی وجہ سے وہاں ہیں۔

لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر آمریت کے خلاف جدوجہد کی ہے اور آمریت کے دور میں جمہوریت کی بات کرنے والوں کا صحافیوں نے ساتھ دیا،اگر اس ملک میں جمہوریت ہے تو اس میں صحافیوں کا خون،پسینہ شامل ہے،آج ہر طرف سے جمہوریت اور آزادی صحافت پر حملے ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  ہم ایسےنئے پاکستان کو نہیں مانیں گےجہاں آزادی صحافت نہ ہوں،جہاں بولنے کی اجازت نہ ہو،جب ایوب اور ضیاء مارشل لاء تھاتو دو خواتین نصرت بھٹو اور بے نظیر بھٹو آمریت کے خلاف تھیں تواس وقت ورکنگ جرنلسٹ اور جمہوریت پسند صحافی  ان کے شانہ بشانہ تھے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جب سےموجودہ حکومت آئی ہے میڈیا اور اخبارات پر پابندی لگا رہی ہے اور اس حکومت کا پہلا حملہ بھی میڈیا پر تھا،میڈیا میں معاشی حملے کے بعد سنسرشپ کو بڑھایا گیا۔

ملکی معیشت کو عوام کی مرضی سے چلانا پڑے گا

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملکی معیشت کو عوام کی مرضی سے چلانا پڑے گا لیکن جہاں ایک طرف جمہوری آزادی کو چھینا جا رہا ہے وہیں دوسری طرف معاشی حقوق بھی چھینے جا رہے ہیں، ملک میں آئی ایم ایف کے نمائندے پاکستان آ کر آئی ایم ایف کے نمائندوں سے بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہ اس وقت سیاسی انتقام عروج پر ہے اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے افراد نشانے پر ہیں،آج کوئی ماننے کوتیارنہیں کہ نوازشریف جیل یا لندن میں  کرپشن کی وجہ سے ہیں، بلکہ وہ سیاسی انتقامی کارروائی کی وجہ سے وہاں ہیں، سیاسی انتقام کی وجہ سے ہی آج تک پیپلزپارٹی کے کئی رہنما جیل میں ہیں۔

شیخ رشید سلیکٹڈ ہے اور ہر سلیکٹڈ حکومت میں آتا ہے

بلاول بھٹو نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ٹرین حادثہ ہوتا تھا عمران خان مطالبہ کرتے تھے کہ وزیر ریلوے مستعفیٰ ہو جائیں لیکن آج میں حیران ہوں کہ ریلوے میں اتنے حادثے ہونے کے باوجود وزیر ریلوے عہدے پر ہیں ،وزیر ریلوے سلیکٹڈ ہے اور ہر سلیکٹڈ حکومت میں آتا ہے،اس لیے وہ سمجھتا ہے کہ چیف جسٹس گلزار احمد یا کوئی اور شخص بھی اس کے خلاف کچھ نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ گٹر وزیر ریلوے کی باتوں کو گٹر میں پھینک دینا چاہیے،ان کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ یہ ان کی آخری باری ہے جب وہ سلیکٹ ہوئے،اس کے بعد ان کے ساتھ جو کچھ ہوگا اس سے سب کو مزہ آئے گا ۔

بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ نیب سیاسی انتقام کا ادارہ بن چکا ہے اور اگر چیئرمین نیب میں شرم ہوتی تو وہ یورپی یونین کی رپورٹ پر استعفیٰ دے دیتے،خورشید شاہ آج بھی جیل میں ہیں، نیب نے خورشید شاہ کے مرحوم بھائی کے نام بھی نوٹس بھجوا دیا، سیاسی انتقام میں بھائی، بہن بیٹی تک کو نوٹسز دیئے جا رہے ہیں۔

امریکا ،افغان معاہدے پر تحفظات ہیں

چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ امریکا ،افغان معاہدے پر تحفظات کے باوجود خیر مقدم کرتے ہیں ، معاہدے سے اگر افغان عوام کو حقوق مل جائیں تو بہت بہتر ہوگالیکن اگر طالبان سے مذاکرات  ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکشن کیلئے ہے تو اس سے افغانستان میں امن نہیں آ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹرمپ کیلئے افغان ڈائیلاگ کررہے ہیں تو پھر یہ اچھا نہیں ہے،نریندرمودی کا دامن بھارتی گجرات میں مسلمانوں کے خون سے داغدار ہے ، عمران خان نے مودی کی الیکشن مہم میں کہا تھا کہ مودی جیتا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا اور میں نے اس وقت مودی کی مخالفت کی جب وہ وفاق کے سطح پر آیا تھا۔