شیخ رشید باتیں کرنے والے توتے ہیں،پیپلز پارٹی

240

کراچی(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامراہ، ضلع شرقی کے سیکرٹری اطلاعات وقاص شوکت اور ضلع کورنگی کے سیکرٹری اطلاعات جانی میمن نے اپنے مشترکہ بیان میں دن پر دن بڑھتے ریلوے حادثات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے وزارت ریلوے کی نااہلی اور نالائقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید صرف باتیں کرنے والے توتے کے سوا کچھ نہیں ہے جو کہ رٹا رٹایا سبق ملنے کے بعد صرف باتوں کے تیر سے اپنی وزارت اور اپنے آپ کو چلا رہے ہیں۔معزز عدالت کے سامنے جھوٹ بول کر انسانی جانوں سے کھیلنے کا سلسلہ نہیں رک سکا ، ٹرین حادثات شیخ رشید کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران نیازی کو عوام سے زیادہ اپنے توتے عزیز ہیں کیونکہ جب تک وزارت ریلوے کے ساتھ شیخ رشید کا نام جڑا ہے ٹرین میں سفر کرنے والوں کے سر پر موت منڈلاتی رہے گی۔ پی پی پی رہنمائوں نے کہا کہ نالائق حکومت کے آنے کے بعد ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں اور بہت جلد عوام ان نااہل اور نالائقوں کو ایوانوں سے اٹھا کر گھر کا راستہ دکھائیں گے۔