پی ایس ایل : کراچی کنگز نے اسلام آباد یو نائیٹڈ کو با آسانی ہرادیا

220

 

راولپنڈی(رپورٹ:وزیرعلی قادری) پی ایس ایل کے 14ویں میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرر اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف 8گیندیں قبل 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتو میزبان ٹیم نے 77 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی 3 وکٹیں گنوادیں۔ کولن منرو1، رضوان حسین 22 اور کولن انگرام 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اوپنر لیوک رونکی اورکپتان شاداب خان نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعہ 183 تک پہنچایا۔60 گیندوں پر 12
چوکوں اور 6چھکوں کی مدد سے 106 رنز کی اس ناقابل شکست شراکت میں لیوک رونکی کے 85 اور شاداب خان کے 54 رنز شامل تھے۔کراچی کنگز کے عمرخان، عماد وسیم اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگزکا آغاز متاثرکن نہ رہا ،مہمان ٹیم کے اوپنر بابراعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ شاداب خان نے شاندارفیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں رن آؤٹ کیا۔دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز شرجیل خان تھے جو 38 رنزبناکر رومان رئیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ایلکس ہیلز اور کیمرون ڈیلپورٹ نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 64 رنز کی شراکت قائم کی۔ ایلکس ہیلز نے3 چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت30 گیندوں پر 52 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔کیمرون ڈیلپورٹ 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔عماد وسیم اور چیڈوک والٹن نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 48 رنز بنائے۔ عماد وسیم 32 اور چیڈوک والٹن نے 23 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کرٹیم کوفتح دلادی۔کراچی کنگز نے184 رنز کا ہدف18.4 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے احمد صفی عبداللہ، رومان رئیس اور ڈیل اسٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر ایلکس ہیلز کو مرد میدان قرار دیاگیا۔