نوابشاہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) تین روزہ سالانہ ایچ ایم خواجہ پھولوں کی نمائش، سائنس، آرٹس و کتابی میلہ شاندار طریقے سے اپنے اختتام کو پہنچا، آخری روز فیملیز کا رش، تقریب تقسیم انعامات و ایوارڈ میں شمن علی میرالی اور صوفی فنکاروں نے بہترین کلام پیش کر کے خوب داد حاصل کی۔ ضلع انتظامیہ بے نظیر آباد کی جانب سے محکمہ تعلیم کے تعاون سے ایچ ایم خواجہ ہائی اسکول نوابشاہ میں تین روزہ سالانہ پھولوں کی نمائش، سائنس، آرٹ و کتابی میلے کا تیسرا اور آخری روز فیملیز کے لیے مختص ہونے پر ضلع کے مختلف علاقوں کے افراد نے اپنی فیملیز کے ساتھ بڑی تعداد میں شرکت کرکے مختلف اقسام کے پھولوں، ثقافتی اشیاء، محترمہ بے نظیر بھٹو کے مجسمے کے ساتھ دیگر کرداروں کے مجسموں کے علاوہ اسکولوں کے طلبہ و طالبات کی جانب سے لگائے گئے سائنسی اسٹالوں کے ساتھ ساتھ پاکستان نیوی اور ایئر فورس کے معلوماتی سینٹرز کا بھی دورہ کرکے معلومات لی جبکہ کتابی میلے میں سندھی ادبی بورڈ و دیگر نامور پبلشرز کی جانب سے رکھی گئی کتابوں کے اسٹال اور مینا بازار بھی خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔ پھولوں کی نمائش کی اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر بے نظیر آباد ابرار احمد جعفر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنید حمید سموں اور ایڈیشنل ڈائریکٹر تعلیم راضی خان جمالی کی جانب سے پھولوں کی نمائش، ثقافت، آرٹ، ڈرائنگ، سائنس و دیگر اسٹال لگانے والے اداروں و اسکولوں کے علاوہ ٹیبلوز پیش کرنے کے مقابلوں میں سرکاری و غیر سرکاری اسکولوں کو پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر ایوارڈ دیے گئے۔