اسلام آباد میں نیا کمرشل شہر بنانے کے منصوبے کا آغاز

472

حکومت نے اسلام آبادبلیو ایریا میں نیا کمرشل شہر بنانے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے،جس کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم عمران خان خود سائٹ پر پہنچ گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان بغیر پروٹوکول اور سیکیورٹی منصوبے کی سائٹ پر پہنچے، جہاں انہوں نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم کو پراجیکٹ کے حوالےسےبریفنگ دی گئی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے لیے ایف 9 پارک کے سامنے 170 کنال زمین مختص کی گئی ہے۔

 وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جدید تعمیرات اور ہائی رائز بلڈنگ پر مبنی کمرشل سٹی تعمیر کیا جائے گا،وفاقی ترقیاتی ادارہ اپریل کے پہلے ہفتے میں پراجیکٹ کی نیلامی کرے گا، حکام کے مطابق منصوبے سے ابتدائی طور پر حکومت کو 25 سے 30 ارب ملیں گے۔

بعد ازاں وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ اسلام آباد میں اربوں روپے کے بلیو ایریا تجارتی منصوبے کا آغاز کر دیا ہے،جس سےملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ  منصوبے سے  بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاری کی جانب راغب ہوں گے،کراچی اور لاہور میں بھی اسی قسم کے میگا پروجیکٹ جلد شروع کئے جائیں گے۔