سیکرٹری بلدیات روشن شیخ کی لاڑکانہ آمد،میئر آفس میں اہم اجلاس

322

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) سیکرٹری بلدیات روشن شیخ ایڈیشنل سیکرٹری زاہد حسین کے ہمراہ لاڑکانہ پہنچے، ماڈل سٹی لاڑکانہ کے حوالے سے میئر لاڑکانہ کے آفس میں اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں میئر لاڑکانہ خیر محمد شیخ، ڈپٹی میئر انور علی نواز لھر، مختلف یو سیز کے چیئرمین سمیت دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیات روشن شیخ نے اپنے خطاب میں شہر لاڑکانہ میں صفائی کی صورتحال پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ کو صاف ستھرا رکھنا ہمارا مشن ہے مگر افسوس کی بات ہے کہ سب سے بدتر حالت میئر لاڑکانہ کے آفس اور شہر کی ہے۔ انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ماہانہ آمدنی کے ذرائع کو بہتر بنائیں اور 500 روپے کرایہ کس طرح وصول کیا جارہا ہے، نیا دور ہے پرانے کرایوں کو نئے دور کے مطابق مقرر کرکے وصول کریں، اس کے لیے ہرسال 10 فیصد اضافی چارج لگائیں، جبکہ لاڑکانہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو بھی بہتر بنایا جائے، بلدیاتی پلاٹوں اور دوکانوں پر قائم قبضے ختم کروائیں، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نئی ہاؤسنگ کالونیوں میں سہولیات چیک کریں کیونکہ نئی بننے والی کالونیوں میں ضروریات زندگی کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے میئر لاڑکانہ کو ہدایت دیتے ہوئے ایل ڈی اے کے ڈرائیوروں کو میونسپل میں لیے جانے کے احکامات جاری کیے، سیکرٹری بلدیات نے میئر لاڑکانہ کی جانب سے پیش کیے جانے والے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا۔