شیخ رشید بد زبانی کر کے اپنی نااہلی نہیں چھپا سکتے ،پیپلزپارٹی

220

کراچی(نمائندہ جسارت)وزیر اطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیرریلوے شیخ رشید ناپسندیدہ شخصیات میں سے ایک ہیں، شیخ رشید کے آنے کے بعد سے ریلوے میں بہت سے حادثات ہوئے ہیں ۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں جو بھی مسئلے اٹھے ہیں وہ واٹر بورڈ کے ہیں،یہاں بہت سی پانی کی پائپ لائنس 70برس پرانی ہیں۔ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ پانی کی کمی کوکم کرنے کیلیے وزیراعلیٰ نے2 3 منصوبے شروع کرنے کو کہا ہے، طارق روڈ ، شہید ملت روڈ اور دیگر علاقوں میں بڑے ترقیاتی کام کراچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے900 سے زاید تجاوزات ہٹائی ہیں،غیرضروری چارجڈ پارکنگ ختم کی ہے۔علاوہ ازیںپاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان مولا بخش چانڈیو نے ہفتے کو جاری بیان میں کہا ہے کہ محکمہ ریلوے کو تباہ کرنے والے شیخ رشید بدزبانی سے اپنی ناقص کارکردگی نہیں چھپاسکتے ہیں،شیخ رشید سیاست دانوں کی کردارکشی بند کریں اور بتائیں ریلوے کی یہ تباہی کیسے ہوئی۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ آئے روز ٹرین حادثات میں انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں اور ریلوے کے وزیر کو سرخیوں میں جگہ بنانے کی فکر ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو پر انگلی اٹھانے سے پہلے شیخ رشید اپنے کردار کو دیکھیں،شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان میں مزاحمت کا ایک استعارہ ہیں۔انہوںنے کہا کہ عمران خان پاکستان میں شارٹ کٹ سیاست کی ایک بدنما علامت ہیں،شیخ رشید عمران خان کے ترجمان بننے کے بجائے ان کو سامنے لائیں،عوام عمران خان سے ان کے جھوٹے دعوئوں کا حساب لینا چاہتی ہے۔