غیرملکی کھلاڑیوں نے پاکستان کو محفوظ ملک ثابت کردیا، پرویز الٰہی

92

لاہور (آن لائن) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ غیرملکی کھلاڑیوں نے پاکستان کو محفوظ ملک ثابت کردیا، بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی روکنے کے لیے عالمی برادری ٹھوس اقدامات کرے، چودھری پرویزالٰہی پاک میڈیا کرکٹ ٹیم برطانیہ کے اعزاز میں گورنر ہائوس میں ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے جس میں وجاہت علی خان، عطا الحق، طاہرعلی، بابر علی رانا اور دیگر شخصیات بھی شریک تھیں۔ قائم مقام گورنر چودھری پرویزالٰہی نے بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کو آر ایس ایس اور حکومت کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی نے انسانیت کو جس قدر نقصان پہنچایا ہے اتنا تو جنگوں میں بھی نہیں پہنچا، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مودی کا ظلم روکنے کے لیے سامنے آئے اور بھارت میں مسلمانوں کو نسل کشی سے بچانے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے۔ انہوں نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ حکومت اور پولیس مل کر اپنے ملک میں اقلیت پر ظلم کریں۔ چودھری پرویزالٰہی نے امریکا طالبان معاہدہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدہ میں پاکستان کا کردار تسلیم کیا گیا ہے، پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے عمل کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے کیونکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمیشہ امن کیلیے کردار ادا کیا ہے۔