لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی بینکنگ عدالت نے شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسفکی املاک کو نیلام کرنے کا حکم دے دیا،انسداد منشیات کی عدالت نے رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کی درخواست مستردکردی،ادھر رمضان شوگر ملز، منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز پر فردجرم عاید نہ ہوسکی، نواز شریف کی حاضری سے استثنا کی درخوسست منظورکرلی گئی۔تفصیلات کے مطابق بینکنگ عدالت میں ن لیگ کے صدر شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کے بینک ڈیفالٹر ہونے کے خلاف نجی بینک کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے شہباز شریف کے داماد کا ڈیفنس میں گھر اور کمرشل پراپرٹی کو نیلام کرنے کا حکم دیا۔ بینک نے مؤقف اختیار کیا کہ شہباز شریف کے داماد عمران علی
یوسف نے بینک سے 2 کروڑ 54 لاکھ روپے قرض لیا لیکن واپس نہیں کیا، عمران علی نے 240 قسطیں ادا کرنی تھیں لیکن 120 قسطیں ادا کیں۔ عدالت نے نجی بینک کے دعوے کو منظور کرتے ہوئے عمران علی یوسف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے دیا۔ کورٹ نمبر 4 نے جائیداد نیلامی کے لیے اشتہار جاری کردیا اور نیلامی کے لیے 27مارچ کی تاریخ مقرر کر دی۔علاوہ ازیں انسداد منشیات لاہور کی خصوصی عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت روزانہ کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئیتحریری فیصلہ جاری کر دیا ۔ عدالت نے قرار دیا کہ روازنہ کی بنیاد پر کیس کا ٹرائل کرنے کی پہلے کوئی مثال نہیں ہے۔ اے این ایف نے رانا ثناء اللہ کے منشیات کیس کی سماعت روزانہ کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔مزید برآں جمعہ کو احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف، حمزہ شہباز، مریم نواز اور یوسف عباس کے مختلف نیب کیسز کی سماعت کی۔ جیل حکام نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں عدالت کے روبرو پیش کیا تاہم ڈیوٹی جج کے نہ ہونے کے باعث حمزہ شہباز پر فرد جرم عاید نہ ہوسکی اور عدالت نے رمضان شوگر ملز کی سماعت 6مارچ تک ملتوی کر دی جبکہ عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں نیب کو جلد ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حمزہ شہباز سمیت 6ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈمیں 13 مارچ تک توسیع کردی۔ ادھر دوران سماعت چودھری شوگر ملز کیس میں ضمانت پر رہا ہونے والے یوسف عباس پہلی بار عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔دوران سماعت سابق وزیر اعظم نواز شریف کی حاضری سے استثنا کی درخواست جمع کرائی گئی، نیب نے نواز شریف کی حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ ان کی تازہ میڈیکل رپورٹس جمع نہیں کرائی گئیں لہٰذا حاضری معافی کی درخواست مسترد کی جائے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر نواز شریف کی حاضری سے استثنا درخواست منظور کی اور کیس کی سماعت 30 مارچ تک ملتوی کر تے ہوئے ملزم یوسف عباس کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔