ایرانی طیارے کی ٹرمینل میں داخل ہونے سے قبل مکمل اسکریننگ

786
کراچی جناح انٹر نیشنل ائرپورٹ پر ایرانی جہاز کو ٹرمینل سے دور کھڑا کیا گیا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت کی جانب سے ایران کے لیے براہ راست پروازوں پر پابندی عاید کرنے سے قبل ایران ائر کی پرواز IR 812 جمعرات کی صبح سوا نو بجے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر لینڈ کیا تو اسے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام نے ایوو برج پر لگنے سے روک دیا ۔ طیارے پر سوار 332 مسافروں کو رن وے پر دور دراز مقام پر اتارا گیا اور ان کو ٹرمینل بلڈنگ میں داخل ہونے سے قبل مکمل اسکریننگ کی گئی ۔ اسکریننگ کے دوران ایک مسافر کو مشتبہ قرار دیا گیا تاہم اسے بھی بعد میں کلیئر کر دیا گیا ۔ بعدازاں ایران ائر کا طیارہ پونے12 بجے تہران کے لیے پرواز کرگیا ۔ عراق ائر کی پرواز IA 431 بھی نجف سے کراچی ائرپورٹ پر جمعرات کو دوپہر پونے 2 بجے پہنچی اور اس کے مسافروں کو بھی اسکریننگ کے بعد گھر جانے کی اجازت دی گئی ۔ عراق ائر کا طیارہ 3 بجے نجف کے لیے پرواز کرگیا ۔