امیرالبحر کا گوادر، تربت میں تنصیبات، کھلے سمندر میں جہازوں کا دورہ

167

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی اہم میری ٹائم مشق سی اسپارک 2020ء کے حوالے سے گوادر اور تربت میں پاک بحریہ کی تنصیبات اور کھلے سمندرمیں موجود پاک بحریہ کے بحری جہازوں کا دورہ کیا، دورے کے دوران نیول چیف کو مشق سی اسپارک کے آپریشنل منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، امیرالبحر نے دشمن کو سرپرائز کرنے کی تیاری اور کثیرالجہتی خطرات سے نمٹنے کیلیے افسران اور جوانوں کی صلاحیتوں اورعزم کو سراہا۔ دورے کے دوران کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق اور کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے اپنے زیر انتظام تنصیبات میں آمد پر نیول چیف کا استقبال کیا۔ تربت آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاک بحریہ کے اثاثوں کی تعیناتی، آپریشنل منصوبوں اور مشق کے دوران کیے جانے والے آپریشنز کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں، دورہ گوادرکے دوران نیول چیف کو مکران کوسٹ پر پاک بحریہ کی آپریشنل سرگرمیوں کے انعقاد اور دستوں کی تعیناتی کا جائزہ پیش کیا گیا۔ کمانڈ سینٹرز میں بریفنگ کے بعد چیف آف دی نیول اسٹاف نے کھلے سمندر میں تعینات پاک بحریہ کے بحری جہازوں کا بھی دورہ کیا اور پاک بحریہ کے فلیٹ آپریشنز اور مشق سی اسپارک 2020ء کے دوران منعقد کی گئی مختلف آپریشنل سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد پیش آنے والی کشیدگی کے دوران دشمن کی آبدوز کا سراغ لگانا پاک بحریہ کی حربی تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاک بحریہ ایک کثیرالجہتی فوج ہے اور دشمن کی جارحیت اور ملکی سمندری حدود کے دفاع کیلیے بھرپور تیاری رکھتی ہے۔