کراچی (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ ایک فرد نہیں بلکہ ایک جہد مسلسل ، شجر سایہ دار اور بلا رنگ و نسل و تفریق ہرانسان کے خیر خواہ ، محسن اور محبت کرنے والے تھے ۔ آج اہل کراچی ہی نہیں پورا پاکستان ان کی رخصت پر اشکبار ہے اور غمگین ہے ،ان کی رحلت پر اہل کراچی نے جس عقیدت و محبت کا اظہار کیا اور ان کی نماز جنازہ میں تمام حکومتی شخصیات اور ساری جماعتوں کی قیادت نے شر کت کی وہ اس امر کا ثبوت ہے کہ اہل کراچی اور کراچی کی قیادت خدمت اور دیانت کا اعتراف کرنے والے لوگ ہیں ۔ اس عقیدت و محبت کے اظہار سے مرحوم کے اہل خانہ کو بھی تقویت ملی ہے اور یہ اتحاد کا مظہر ان نشااللہ مرحوم کے لیے بھی بار گاہ ِ الٰہی میں مغفرت اور رحمت کا ذریعہ بنے گا ۔ یہ لمحہ نہ صرف اہل کراچی پورے پاکستان کے لیے سعادت کا لمحہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان مرحوم کی نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، نماز جنازہ
کے اجتماع سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور ڈاکٹر اسامہ رضی نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نعمت اللہ خان ایک کارکن اور ایک قائد کی حیثیت سے ایک مثالی شخص تھے ۔ انہوں نے بڑھاپے میں بھی آزاد کشمیر ، بالا کوٹ ، گلگت ، چترال ، سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں عوام کی خدمت کی ہے ۔ تھر پار کر کے لوگوں کا سہارا بنے اور آج اہل کراچی ہی نہیں پورا پاکستان ان کی رخصت پر اشکبار ہے اور غمگین ہے ۔ نعمت اللہ خان نے کراچی کو امن و محبت اور ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنانے کی جدو جہد کی اور بحیثیت سٹی ناظم بلا تفریق ، رنگ و نسل و مذہب شہریوں کے لیے کام کیا ۔ ان کی رحلت پر ہمارے پاس ہندو ،سکھ اور عیسائی برادری کے لوگ بھی آئے اور انہوں نے کہا کہ نعمت اللہ خان کی وفات سے صرف مسلم عوام ہی نہیں ہم سب بھی دکھی ہیں اور ہم ان کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔ سراج الحق نے کہا کہ نعمت اللہ خان کا خاندان صرف ان کے بیٹے اور بیٹیاں نہیں ہم سب ان کا خاندان ہیں آج سب سوگوار ہیںلیکن آج کے دن ہمیں یہ عزم کرنا ہو گا کہ نعمت اللہ خان کی جدو جہد کو جاری رکھنا ہے اور ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہے ۔ کراچی اور پورے ملک میں امن و محبت ، ترقی و خوشحالی اور اسلام کی سر بلندی و انسانیت کی خدمت ان کا مشن تھا ہمیں ان کے مشن اور جدو جہد کو جاری رکھنا ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نعمت اللہ خان ایک منکسر المزاج ، محب وطن ،خدمت ، دیانت اور اہلیت رکھنے والے قائد اور رہنما تھے ۔ ہر انسان کے خیر خواہ کراچی اور پاکستان سے محبت کرنے والے انسان تھے ۔ آج ان کی نماز جنازہ میں اہل کراچی کی پوری قیادت موجودہے اور ہر شخص اپنے جذبات کا اظہار کرنا چاہتا ہے اور ان کے لیے دعائے مغفرت کر رہا ہے ۔ آج یہ ثابت ہوا ہے انہوں نے اپنی زندگی میں بھی سب کو جوڑ کر رکھا تھا اور آج اُن کے جنازے نے بھی سب کو جوڑ دیا اور سب ان کی خدمت اور دیانت اور مضبوط کردار کا اعتراف کر رہے ہیں ۔ ڈاکٹراسامہ رضی نے کہا کہ آج کے اس اجتماع میں اہل کراچی اپنے محسن کا سایہ سر سے اُٹھ جانے کے بعد انہیں خراج عقیدت پیش کرنے ان کے درجات کی بلندی کی دعا کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں ۔ سب مرحوم سے اپنے تعلق اور محبت کا اظہار کر رہے ہیں ۔نعمت اللہ خان کو اہل کراچی ہی نہیں پورا ملک تا دیر یاد رکھے گا ۔