مودی نے گجرات کی تاریخ دہلی میں دہرادی ،شہباز شریف

252

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے قتل عام سے مودی کا اقلیتوں سے ہمدردی کا ناٹک بے نقاب ہوگیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدراورقائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام اورمذہبی مقامات کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے گجرات کی تاریخ دلی میں دہرائی ہے، امریکا کوسوچنا ہوگا کہ وہ تباہ کن ہتھیارجنونی کے ہاتھ میں دے رہا ہے جس کے پاگل پن سے خطہ پہلے ہی خطرے سے دوچارہے۔ مسلمانوں کے قتل عام سے مودی حکومت کا دیگرممالک کی اقلیتوں سے ہمدردی کا ناٹک پوری طرح بے نقاب ہوگیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ بھارتی مسلمانوں کے منظم قتل عام سے نازی ہٹلرکے دورکی یاد تازہ ہوگئی جب کہ امریکی صدرکو اپنے دورے
کے دوران مسلمانوں کے قتل عام اورمذہبی مقامات کی بے حرمتی کی مذمت کرنی چاہیے تھی۔شہبازشریف نے مطالبہ کیا کہ ہندتوا کا خونی کھیل رکوایا جائے، جرائم میں ملوث عناصرکو گرفتار کرکے سزا دی جائے، بے گناہ شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔ حکومت پاکستان معاملہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن، اوآئی سی میں اٹھائے اورعالمی برادری بھارت کے اندرمسلمانوں کے قتل عام، اقلیتوں پرجبروتشدد اورمذہبی مقامات کی بے حرمتی کا نوٹس لے اوراقوام متحدہ، عالمی برادری بنیادی انسانی حقوق اورانسانی جان، مذہبی مقامات کے تحفظ کے عالمی قوانین پرعمل کرائے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان زندہ رہنے کا بنیادی انسانی وقانونی حق چھین کر نوازشریف کو بسترعلاج سے جیل میں قید کرنا چاہتے ہیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت سے متعلق بیان دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی زندگی پاکستانی عوام کی امانت ہے، کسی کو خیانت نہیں کرنے دیں گے، اہل پاکستان سے درخواست ہے کہ وہ میری والدہ اور میرے بھائی نوازشریف کی صحت کے لیے دعا کریں۔شہبازشریف نے کہا کہ خوفزدہ عمران خان زندہ رہنے کا بنیادی انسانی وقانونی حق چھین کر نوازشریف کوبسترعلاج سے جیل میں قید کرنا چاہتے ہیں، حسد وانتقام کی آگ میں جلتے اور سہمے ہوئے وزیراعظم سیاسی مخالفین کو جھوٹے مقدمات میں جیل بھیج کر خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔