سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

1087

کراچی: سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے بڑھائی، نماز جنازہ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، میئر کراچی وسیم اختر، سینئر سیاستدان فاروق ستار اور مرتضیٰ وہاب سمیت دیگر اہم شخصیات سمیت عوام نے بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان منور حسن بھی ناسازی طبعیت کے باوجود نعمت اللہ خان صاحب کے جنازے میں شریک ہوئے ۔

نعمت اللہ خان نے 1957 میں جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی اور انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا کہ انہوں نے جماعت کی رکنیت کا حلف خانہ کعبہ میں اٹھایا۔آپ جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر بھی رہے، 1985 کے غیرجماعتی انتخابات میں سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 1988 تک آپ قائد حزب اختلاف بھی رہے۔

نعمت اللہ خان کو یہ اعزاز حاصل رہا کہ وہ 2001 میں متعارف کرائے جانے والے ضلعی حکومتوں کے نظام کے بعد کراچی کے پہلے ناظم منتخب ہوئے۔

نعمت اللہ خان 2001 سے 2005 تک 4 سال کیلئے کراچی کے ناظم رہے، پیشہ کے اعتبار سے آپ وکیل تھے جبکہ آپ نے جماعت اسلامی کی فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر بھی رہے ۔

خیال رہے کہ کراچی کے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔ان کی عمر 90 برس تھی اور وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔

‘بابائے کراچی’ کا لقب پانے والے نعمت اللہ خان کے انتقال پر صدر مملکت، گورنر و وزیراعلیٰ سندھ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، میئر کراچی وسیم اختر، سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا تھا جبکہ ان کے سیاسی مخالفین بھی ان کے کردار اور شخصیت کی تعریف کرتے نظر آئے تھے۔

واضح رہے کہ نعمت اللہ خان کی تدفین ڈیفینس کے قبرستان میں کی جائے گی۔