لاڑکانہ، ٹریول ایجنسی کیخلاف نوجوان کا احتجاج، رقم کی واپسی کا مطالبہ

481

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) عازمین حج کی خدمات کے لیے نجی کمپنی زینب مین پاور کیخلاف لاڑکانہ شہر کے کوثر مل کے مکین نوجوانوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر عدیل حسن جروار نے اپنے ورثا کے ہمراہ بتایا کہ چند روز قبل سعودی عرب میں عازمین حج کی خدمات کے لیے کراچی کی ٹریول ایجنسی نے مقامی سندھی اخبار میں اشتہار دیا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ میں حاجیوں کی خدمت کے لیے بڑی تعداد میں لیبر کی ضرورت ہے، تاہم کراچی کی نجی کمپنی کے دفتر پہنچا جہاں انہوں نے 50 ہزار روپے لے کر میڈیکل کروایا اور ملازمت دینے کی یقین دہانی کروائی، گزشتہ روز جب کمپنی والوں سے رابطہ کیا تو انہوں نے پہچاننے سے انکار کیا اور پیسے بھی نہیں دیے جارہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نجی کمپنی عملے کو گرفتار کرکے لوٹی ہوئی رقم واپس دلوائی جائے۔