لندن(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدراورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی دماغ کی جگہ ڈیڑھ برس سے معیشت صرف زبان سے چلا رہے ہیں، نوکریاں جنگل اور سکون قبر دے گی، عمران پاکستان کو شداد کی جنت بنانا چاہتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومت پر الزامات اور ان کے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا کر نیا پاکستان بنایا جارہا ہے،شرح سود 14 فیصد، مہنگائی 15 فیصداور عوام آٹا و چینی سے محروم ہیں،یہ ہے عمران کی فلاحی ریاست؟علاوہ ازیںشہبازشریف نے کشمیری خواتین کے یوم مزاحمت کے موقع پر جاری بیان میں کہا کہ27برس قبل1991ء میں 23اور24فروری کی درمیانی شب بھارتی فوج کے کنن اور پوش پورہ گائوں میں ظلم کو دنیا نہیں بھولی،کشمیری خواتین کی اجتماعی بے حرمتی کا یہ واقعہ تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے ان دیہات میں اس دن مردوں پر بھی انتہائی بہیمانہ تشدد کیاگیا تھا،تحریک آزادی کشمیر میں خواتین کا کردار ناقابل فراموش ہے، کشمیری مائوں،بہنوں،بیٹیوں نے عظیم قربانیوں سے ثابت کیا کہ وہ اپنی آزادی کے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گی ۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدام کرے اور اس واقعے میں ملوث بھارتی فوج کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ چلایاجائے اور سزائیں دی جائیں، کشمیری خواتین کو لازوال جذبے، قربانیوں اور عزم واستقامت پرسلام پیش کرتے ہیں۔