سکھر پریم یونین کا مطالبات کی عدم منظوری پر ڈی ایس دفتر کے سامنے دھرنا

127

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان ریلوے پریم یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری خیر محمد تنیو کی قیادت میں سکھر میں ریلوے کے سیکڑوں ملازمین کا ڈی ایس آفس سکھر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ و دھرنا، مطالبات کی حمایت میں فلک شگاف نعرے، مسائل اور مطالبات تسلیم کیے جائیں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ بڑھائیں گے، ملازمین کا انتباہ۔ پریم یونین کی جانب سے پاکستان ریلوے سکھر ڈویژن کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں کی تعداد میں ملازمین نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے سکھر کے دفتر کے سامنے اپنے مطالبات کی حمایت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر وہاں سے گزرنے والی ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی۔ مظاہرین کی قیادت ریلوے پریم یونین کے جنرل سیکرٹری خیر محمد تنیو و دیگر رہنما کر رہے تھے۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ریلوے انتظامیہ سے مطالبات جائز ہیں، ہماری تنخواہیں مہنگائی کے تناسب سے بڑھائی جائیں، ایک عرصے سے ریلوے میں کنٹریکٹ پر ملازمین کام کررہے ہیں مگر انہیں مستقل کیے جانے کے حوالے سے نظر انداز کیا جارہا ہے، سرکاری کوارٹرز پر سے قبضے ختم کرا کر ریلوے ملازمین کے نام الاٹمنٹ کی جائے اور اس کے علاوہ چارٹر آف ڈیمانڈ میں دیے گئے مطالبات پورے کیے جائیں اگر ریلوے انتظامیہ نے ہمارے مطالبات پر توجہ نہ دی تو ہم احتجاج کا دائرہ کار وسیع کردیں گے۔