نوابشاہ ،ینگ ڈاکٹروں کی علامتی ہڑتال‘ سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈی بند

116

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے علامتی احتجاج کے باعث سول اسپتال میں او پی ڈی بند کر دی گئی۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی اجلاس میںڈاکٹر عمر سلطان، ڈاکٹر یاسین عمرانی، ڈاکٹر محبوب نورانی سمیت سندھ بھر سے آئے ہوئے دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے اسپتالوں کی حالت بدترین ہے، مریضوں کو ادویات کا نہ ملنا معمول بن چکا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سرکاری اسپتالوں میں ادویات فراہم کی جائیں، سٹی اسکیں اور ایم آر آئی کی مرمت کی جائے اور جن اسپتالوں میںیہ سہولت موجود نہیں وہاں فراہم کی جائے، پی جی ڈاکٹرز کے 2019ء کے واجبات ادا کیے جائیں، ہاؤس افسران کے واجبات ادا کیے جائیں، پوسٹ گریجویٹ کرنے والے ڈاکٹرز کو مزید تعلیم کے لیے ڈیپوٹیشن پر بھجیا جائے، ایم ڈی ایم ایس اور ایم ڈی ایس ڈاکٹرز کو ایف پی ایس ڈاکٹرز کے جتنا مشاہرہ دیا جاتا، انہیں بھی اتنا ہی وظیفہ دیا جائے، جبکہ ایم ایل او، سی ایم او اور پولیو میڈیکل افسر کو علیحدہ سے کیڈر ان کی ضروریات کے مطابق دیا جائے۔ ینگ ڈاکٹرز نے کہا کہ ہم اپنے مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھیں گے، آج سے ہم نے علامتی ہڑتال شروع کر دی ہے۔