کراچی کی بہتری کیلیے عدالت عظمیٰ سے رجوع کر لیا ہے، اسد عمر

163

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی کی بہتری وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے اور کراچی کی بہتری کے لیے عدالت عظمیٰ سے رجوع کر لیا ہے۔ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پلاننگ اینڈڈیویلپمنٹ اسد عمر نے کہا کہ کراچی میں ایسا قانون ہے جوآئین سے مطابقت نہیں رکھتا، ایسا قانون ہے جس کے تحت مقامی نمائندوں کے پاس اختیار نہیں اس لیے کراچی میں انتظامی، مالی، سیاسی طور پر با اختیارحکومت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے مقامی حکومت ناگزیر ہے اور ایسے نظام کے لیے عدالت عظمیٰ سے رجوع کرنے کافیصلہ کیا۔ اسد عمر نے بتایا کہ کراچی کی بہتری کے لیے عدالت عظمیٰسے رجوع کر لیا، آئینی پٹیشن وزیراعظم اور میری مدعیت میں داخل کر دی گئی ہے، آرٹیکل140اے کے تحت مقامی حکومت کانظام رائج کیا جائے، کراچی میں ایسانظام ہوکہ مقامی حکومت مالی اور سیاسی طورپر با اختیار ہو۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی بہتری وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے، نیا پاکستان، نیاکراچی بنے بغیرممکن نہیں ہے، پی ٹی آئی کی ترجیح کراچی کی ترقی ہے ہماری صوبائی حکومت نہیں، مقامی حکومت بھی پی ٹی آئی کی نہیں مگروہ بے اختیار ہے۔