پی پی کے گرد نیب کا گھیرا مزید تنگ‘ بینظیر ٹاؤن میں کرپشن کی تحقیقات شروع

269

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیب نے پیپلز پارٹی کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا‘ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹاؤن کی آڑ میں قومی خزانے کو اربوں روپے کا ٹیکا لگانے کی تحقیقات شروع کر دی گئی‘ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے من پسند افراد کو ٹھیکے دیے جانیاور27500 پلاٹوں کی تقسیم میں بے قاعدگیوں کا انکشافہونے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق بے نظیر بھٹو ٹائون کے اشتراک سے کروڑوں روپے کے ٹھیکے من پسند افراد کو دیے گئے ہیں جس کے عیوض بھاری نذرانوں کی وصولی کو یقینی بنایا گیا ہے‘ اس ضمن میں محکمے میں بڑے پیمانے پر خلاف ضابطہ بھرتیوں کا بھی انکشاف سامنے آ یا ہے جس پر تحقیقاتی عمل جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو کی جانب سے شہید بے نظیربھٹو ٹائون کے خلاف تحقیقاتی عمل کے پہلے مرحلے میں کراچی، حیدرآباد، جامشورو، ٹھٹھہ، دادو، میر پور خاص، خیر پور اور ٹنڈو محمد خان میں 2013ء میں فراہم کیے 120گز کے 27 ہزار سے زاید پلاٹوں کی چھان بین کا فیصلہ کیا گیا ہے جن سے متعلق تفصیلات آ ئندہ چند روز میں محکمے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سے طلب کی جا ئیں گی۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ نیب کی جانب سے شہید بے نظیر بھٹو ٹائون کے خلاف تحقیقات کا آغاز2 برس قبل36کروڑ کے ٹھیکے چہیتے ٹھیکیداروں کو نوازنے کی منصوبہ بندی ناکام ہونے اور مذکورہ پروجیکٹ کی کرپشن کھل کر منظر عام پر آ نے کے بعد کیا جا رہا ہے۔