پی ایس ایل کا جنون ،ملتان میں تیاریاں عروج پرپہنچ گئیں

139

ملتان (جسارت نیوز)پاکستان سپر لیگ کا رنگ جمانے کیلیے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اورجنوبی پنجاب کے شائقین کرکٹ کی میزبانی کے لیے تیارہیں۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی قیادت میں تمام ادارے ہائی پروفائل شو کی بھرپور کامیابی کے لیے دن رات کوشاں ہیں،ڈپٹی کمشنر اور سی پی او کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اسٹیڈیم اور روٹس کے وزٹس جاری ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز قمرالزمان قیصرانی،محمدطیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید بھی انتظامات کو منظم بنانے لیے سرگرم ہیں۔ گزشتہ روز مینجنگ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ناصر شہزاد ڈوگر نے روٹ اور اسٹیڈیم کا معائنہ کیا۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، واسا، میٹروپولیٹن کارپوریشن، ریسکیو اور سول ڈیفنس کی گزشتہ تین ہفتوں سے جاری کوششیں رنگ لے آئیں ہیں اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں رنگوں کی بہار امڈ آئی ہے۔ پویلینز کی چئیرز کو سفید، نیلے اور سبز کلر کے پینٹ نے اسٹیڈیم کو چارچاند لگا دئے ہیں اور گراونڈکی سبز مخملی گھاس نے ماحول کو اور جاذب نظر بنا دیا ہے۔گراونڈ کی فلڈ لائٹس، باونڈری وال اور اسٹیڈیم روڈ کی اسٹریٹ لائٹس بحال کر دی گئیں ہیں،رات کے وقت آزمائشی طور پر لائٹس آن کی گئیں تو پورا اسٹیڈیم اور روڈ روشنی میں ڈوب گیا۔دوسری طرف پی سی بی نے فاطمہ جناح کالونی میں بسوں،ویگنوں اور کاروں کی پارکنگ کا کنٹریکٹ الاٹ کر دیا ہے،پارکنگ ایریا میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام جاری ہے،پارکنگ ایریا سے اسٹیڈیم جانے تک ضلعی انتظامیہ ٹرانسپورٹ فراہم کرے گی۔ علاوہ ازیں پولیس کی طرف سے ٹریفک پلان جاری اور سیکورٹی پلان بھی فائنل کر دیا گیا ہے۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 100 سینٹری ورکرز میچوں کے دوران بھی صفائی کے لئے ڈیوٹی پر مامور رہیں گے۔ جبکہ تمام الائیڈ محکموں نے اپنے افسران اور ملازمین کے ڈیوٹی روسٹرز بھی جاری کر دیے ہیں۔